شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک اور بڑی کوشش ناکام ، 5 دہشت گرد ہلاک

Jun 09, 2017 11:34 PM IST | Updated on: Jun 09, 2017 11:34 PM IST

سری نگر : فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک اور بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 5 جنگجوؤں کو ہلاک کیا ہے۔ یہ 7 جون سے شمالی کشمیر میں ایل او سی پر ناکام بنائی جانے والی دراندازی کی چوتھی کوشش ہے۔ اوڑی سیکٹر میں پانچ جنگجوؤں کی ہلاکت کے ساتھ 7 جون سے مارے گئے دراندازوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہوگئی ہے۔ تاہم جمعرات کو دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا کہ ایل او سی کی حفاظت پر مامور فوجیوں نے آج اوڑی سیکٹر میں پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے جنگجوؤں کے ایک گروپ کو ہندوستانی علاقہ میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ تاہم جب جنگجوؤں کو للکارا گیا اور خودسپردگی اختیار کرنے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے اس کے بجائے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد طرفین کے مابین گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔

شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک اور بڑی کوشش ناکام ، 5 دہشت گرد ہلاک

دفاعی ترجمان نے بتایا کہ نذدیکی کیمپوں سے فوجیوں کی مزید کمک طلب کی گئی اور ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کی شام کو فورسز کا جنگجوؤں کے ساتھ آمنا سامنا ہوا اور طرفین کے مابین گولہ باری کے تبادلے میں مزید 3 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ فوج نے 6 جون کو مژھل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چار دراندازوں کو ہلاک کیا تھا۔ نوگام سیکٹر میں ایسی ہی ایک کاروائی میں تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ تاہم نوگام سیکٹر میں ایک جنگجو ہلاک جبکہ اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ گذشتہ ماہ کی 27 تاریخ کو فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بارہمولہ کے رامپور سیکٹر میں 6 جنگجوؤں کو ہلاک کیا تھا۔

اس سے قبل فوج نے 26 مئی کو اوڑی سیکٹر میں ایل او سی پر پاکستانی باڈر ایکشن ٹیم سے منسلک دو اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ فوج نے مذکورہ کاروائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹ سے منسلک دو اہلکاروں کو اُس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ بھارتی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملے کے ارادے سے بھارتی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔ 21 مئی کو شمالی ضلع کپواڑہ کے نوگام سیکٹر میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ایک خونریز جھڑپ میں 4 جنگجو اور 3 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ رپورٹوں کے مطابق گذشتہ پانچ مہینوں کے دوران پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے دراندازی کی 22 کوششوں کو ناکام بنایا گیا جس کے دوران 34 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز