آئی آئی ایم سی میں اردو صحافت کے لئے درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع

May 03, 2018 01:12 PM IST | Updated on: May 03, 2018 01:14 PM IST

نئی دہلی۔ ملک کے معروف انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونکیشن ( آئی آئی ایم سی) میں اردو زبان میں صحافت کے ڈپلوما کورس میں درخواست جمع کرنے کی تاریخ بڑھا کر اب 10مئی کر دی گئی ہے۔ پہلے درخواست کے لئے آخری تاریخ یکم مئی تھی۔ اس کورس کے لئے تحریری امتحان 26 مئی کو ہوگا جس کے بعد تحریری امتحان میں پاس کرنے والے طلبہ کو انٹرویو کے لئے نئی دہلی میں انسٹی ٹیوٹ کے ہیڈ کوارٹر میں بلایا جائے گا۔

خاص بات یہ ہے کہ اس دفعہ پہلی بار اردو کے طلبہ کی سہولتوں کا خیال کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے جی سریش نے ملک کے مختلف آٹھ شہروں میں امتحان مراکز بنائے ہیں۔ پہلے اردو زبان میں صحافت کے لئے تحریری امتحان صرف دہلی میں ہوتا تھا لیکن اس بار دہلی کے علاوہ لکھنؤ، جموں، سری نگر، حیدرآباد، بھوپال، ممبئی اور پٹنہ میں بھی تحریری امتحان کے مراکز بنائے گئے ہیں، جس سے زیادہ سے زیادہ طالب علم اردو زبان میں صحافت کے کورس کے لئے امتحان میں شامل ہو سکیں۔

آئی آئی ایم سی میں اردو صحافت کے لئے درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع

آئی آئی ایم سی میں اردو جرنلزم کورس۔

غور طلب ہے کہ یہ کورس سال 2013-14 میں شروع ہوا تھا جس کی میعاد 5 ماہ کی تھی۔ بعد میں انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے جی سریش نے اس کی میعاد بڑھا کر پورے تعلیمی سال کے لئے کر دی تاکہ طالب علم اردو صحافت کی زیادہ سے زیادہ باریکیاں انسٹی ٹیوٹ میں سیکھ سکیں۔ اس کورس کی پڑھائی انسٹی ٹیوٹ کے نئی دہلی ہیڈکوارٹر میں ہوتی ہے۔

اس کورس کے لئے انسٹی ٹیوٹ کی ویب سائٹ ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیوڈاٹ آئی آئی ایم سی ڈاٹ جی او وی ڈاٹ ان پر جا کر آن لائن درخواست جمع کی جا سکتی ہے۔ جنرل زمرہ کے طلباء کے لئے درخواست کی فیس 1500 روپئے، درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقات اور معذور طلباء کے لئے فیس 1000 / - روپئے ہے۔ مزید معلومات کے لئے انسٹی ٹیوٹ سے فون نمبر 011-26741352 اور 01126742920 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز