کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور میں گرینیڈ دھماکہ ، سیکورٹی فورسز کے 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں اتوار کی صبح جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں سیکورٹی فورسز کے تین اور چار عام شہریوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

Sep 24, 2017 03:48 PM IST | Updated on: Sep 24, 2017 03:48 PM IST

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ایپل ٹاون سوپور میں اتوار کی صبح جنگجوؤں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں سیکورٹی فورسز کے تین اور چار عام شہریوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم جنگجوؤں نے اتوار کی صبح مین چوک سوپور میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کی شاخ کے نذدیک قائم سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) پکٹ کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا۔ انہوں نے بتایا کہ گرینیڈ نشانہ چوک کر سڑک کے کنارے ایک زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس گرینیڈ دھماکے میں جموں وکشمیر پولیس کے دو اور سی آر پی ایف کا ایک ہلکار اور چار عام شہری زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا ’گرینیڈ کے آہنی ریزوں سے زخمی ہونے والے سبھی افراد کو سب ضلع اسپتال سوپور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے‘۔ تاہم ریاستی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک الرٹ ایس پی او نے گرینیڈ کو ایک محفوظ جگہ کی جانب پھینک کر کئی انسانی جانیں بچائیں۔

کشمیر کے ایپل ٹاون سوپور میں گرینیڈ دھماکہ ، سیکورٹی فورسز کے 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی

جموں و کشمیر میں تعینات سیکورٹی اہلکار ۔ فائل فوٹو

پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’جنگجوؤں کی طرف سے گرینیڈ سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کے اندر پھینکا گیا، تاہم ایک مستعد ایس پی او نے اسے (گرینیڈ کو) محفوظ جگہ کی جانب پھینک کر درجن بھر پولیس، سی آر پی ایف اور عام شہریوں کی جانیں بچائیں‘۔ مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں زخمی شہریوں کی شناخت بشیر احمد شاہ ساکنہ بادام باغ سوپور، عامر صوفی ساکنہ باغات سوپور، نذیر احمد تیلی ساکنہ آرم پورہ سوپور اور عاقب بشیر لون ساکنہ بوٹنگو سوپور کی گئی ہے۔

جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والے ریاست پولیس کے دو ایس پی اووز کی شناخت عاقب اور شبیر احمد کے بطور کی گئی ہے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گرینیڈ دھماکے سے مین چوک میں افراتفری مچ گئی اور لوگوں کو محفوظ جگہوں کی طرف دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز