جی ایس ٹی کی شرح طے ، اناج اور دودھ پر ٹیکس نہیں ، اے سی اور فرج سستا، پڑھیں کیا مہنگا ہوگا اور کیا سستا

May 18, 2017 10:18 PM IST | Updated on: May 18, 2017 10:20 PM IST

سرینگر: ملک میں ایک قوم، ایک ٹیکس کے تصور کو پورا کرنے کے مقصد سے یکم جولائی سے گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) نظام نافذ کرنے کے لئے چل رہی تیاریوں کے درمیان جی ایس ٹی کونسل نے چھ اشیا کو چھوڑ کر تمام 1211 اشیاء کی قیمتیں طے کر دی ہیں۔ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی صدارت میں یہاں جاری جی ایس ٹی کونسل کی دو روزہ میٹنگ کے پہلے دن آج اشیاء پر ٹیکس کی شرح مقرر کی گئی جن میں سے 81 فیصد اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح 18 فیصد سے کم ہے۔ صرف 19 فیصد پر ہی 18 فیصد سے زیادہ جی ایس ٹی کی شرح ہے۔

مسٹر جیٹلی نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ کونسل نے جی ایس ٹی کے سات قوانین کومنظوری دے دی ہے اور ٹرانزیکشن اور رٹرن سے منسلک دو ضابطوں کی قانونی کمیٹی کے ذریعہ تفتیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کی کل ہونے والی میٹنگ میں سروس ٹیکس کی شرح کے ساتھ ساتھ چھوٹ والی اشیاء کی فہرست کو حتمی شکل دیئے جانے کی امیدہے۔ اس میں سونے اور بیڑی پر بھی جی ایس ٹی ٹیکس کی شرح مقرر کرنے کا امکان ہے۔ اگر کل کی میٹنگ میں جن امورپر بات چیت ہونی ہے عام اتفاق رائے نہیں بنتا ہے تو کونسل کی ایک اور میٹنگ ہو سکتی ہے۔

جی ایس ٹی کی شرح طے ، اناج اور دودھ پر ٹیکس نہیں ، اے سی اور فرج سستا، پڑھیں کیا مہنگا ہوگا اور کیا سستا

ریونیو سکریٹری ہنس مکھ ادھیا نے جی ایس ٹی ٹیکس کی شرح کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کوئلے پر جی ایس ٹی کی شرح پانچ فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ اس وقت یہ 11.69 فیصد ہے۔ اسی طرح سے چینی، چائے، کافی، خوردنی تیل پر بھی پانچ فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔ 60 فیصد اشیاء پر 12 سے 18 فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔ بالوں کے تیل، صابن، ٹوتھ پیسٹ پر جی ایس ٹی کی شرح 18 فیصد ہے۔ اناج کو جی ایس ٹی ٹیکس سے الگ رکھا گیا ہے جبکہ اب اس پر پانچ فیصد ٹیکس ہے۔ دودھ کو بھی جی ایس ٹی ٹیکس سے مستثنی رکھا گیا ہے۔

کئی ریاستوں کے وزراء خزانہ نے پوجا کے سامان، ریشمی دھاگہ اور دستکاری جیسی مصنوعات کو جی ایس ٹی سے چھوٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے لیکن مسٹر جیٹلی نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اور کم از کم اشیاء کو ہی جی ایس ٹی کے تحت چھوٹ دی جانی چاہئے۔ وزیر خزانہ نے یقین دلایا ہے کہ جی ایس ٹی نافذ ہونے سے مہنگائی نہیں بڑھے گی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز