حج 2017 : قومی راجدھانی دہلی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ مقدس سفر پر روانہ

Jul 24, 2017 09:10 PM IST | Updated on: Jul 24, 2017 09:11 PM IST

نئی دہلی: دہلی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ آج یہاں اندرا گاندھی نیشنل ایر پورٹ سے روانہ ہوا۔ اقلیتی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے نیک خواہشات کے ساتھ عازمین حج کو رخصت کیا۔ اس موقع پر دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیااور سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے عازمین کو مبارک باد دی۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ نئی حج پالیسی 2018جلد ہی تیار کرلی جائے گی اور اگلے سال سے اسی نئی حج پالیسی کے مطابق حج انتظامات انجام دئے جائیں گے۔ نئی حج پالیسی طے کرنے کے لئے اعلی سطحی کمیٹی اپنی رپورٹ جلد ہی سونپ دے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس نئی حج پالیسی کا مقصد حج کے عمل کو سہل اور شفاف بنانا ہے۔ اس میں حاجیوں کے لئے مختلف سہولتوں کا پورا دھیان رکھا جائے گا۔ بحری راستے سے سفر حج کو دوبارہ شروع کرنا بھی اس نئی حج پالیسی میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ حج 2017کے لئے سعودی عرب سے ہندوستان کے کوٹہ میں کئے گئے اضافہ کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ سے 1,25,025 عازمین اور پرائیوٹ ٹو ر آپریٹروں کے ذریعہ 45000عازمین فریضہ حج ادا کرنے کے لئے جائیں گے۔ اس سال ہندوستان میں 21امبارکیشن پوائنٹوں سے عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔دہلی سے 1628 عازمین حج پر جائیں گے اس کے علاوہ ہریانہ، اترپردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، ہماچل پردیش او رچنڈی گڑھ کے عازمین کو ملا کر دہلی سے مجموعی طورپر 16600عازمین حج پر جائیں گے۔

حج 2017 : قومی راجدھانی دہلی سے عازمین حج کا پہلا قافلہ مقدس سفر پر روانہ

گوا، گوہاٹی، لکھنؤ، منگلور، وارانسی سے بھی آج ہی عازمین حج سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔ 25جولائی کو سری نگر اور کولکاتہ سے، 27جولائی کو گیا سے ، 8اگست کو رانچی۔ کولکاتہ، بھوپال اور بنگلور سے ، دس اگست کو ناگپور سے، 13اگست کو احمدآباد، اورنگ آباد، چینئی، کوچی، جے پور ، 14اگست کو اندور اور احمد آباد سے عازمین حج سعودی عرب جائیں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز