حج 2017 : آسانی سے شناخت کیلئے خدام الحجاج کو وردی اورعازمین کو اسٹیکرس کئے جائیں گے فراہم

Jun 07, 2017 11:26 PM IST | Updated on: Jun 07, 2017 11:26 PM IST

سری نگر: جموں وکشمیر میں حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی نے کہا کہ کہا کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں خدام الحجاج کی آسان پہچان کے لئے انہیں وردیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے فرائض بحسن و خوبی انجام دے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حج کمیٹی تمام عازمین کو مخصوص سٹیکرس فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ عازمین کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سامان پر سبز رنگ کی غلاف چڑھائیں۔

ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ مسٹر اندرابی کی صدارت میں بدھ کو یہاں ریاستی حج کمیٹی کے ممبرا ن کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے دوران حج 2017ء کے احسن انعقاد اور عازمین کو حج ہاوس بمنہ و جموں کے علاوہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے مختلف محکموں کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حج 2017 : آسانی سے شناخت کیلئے خدام الحجاج کو وردی اورعازمین کو اسٹیکرس کئے جائیں گے فراہم

Picture : Twitter

میٹنگ میں ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے ، ارکان قانون سازیہ مشتاق احمد شاہ ، سیف الدین بٹ ،ظفر اقبال منہاس ، کمشنر سیکرٹری مال محمد اشرف میر ، ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر سید قمر سجاد کے علاوہ آغا سید منتظر الصفوی الموسوی ، جامع مسجد ریل ہیڈ جموں کے امام و خطیب مولانا فاروق احمد ،جامع مسجد زیارت حضرت سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار کے امام و خطیب مولانا ریاض الحق نور آبادی اور نثار احمد وانی نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران انفراسٹرکچر کی ترقی ، افرادی قوت اور ڈرنیج نیٹ ورک کے معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

حج ہاوس میں سڑکوں پر میکڈ م بچھانے ، آڈیٹوریم ،بیت الخلاء کی تعمیر ،بستروں کی خریداور لینڈ سکیپ پر کئے جانے والے کام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ میٹنگ میں حج کمیٹی کے لئے سال 2017-18 ء کے 2.48کروڑ روپے کے بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمیٹی کے ممبران نے عازمین حج کو سرینگر ائیر پورٹ اور سعودی عربیہ میں دی جانے والی سہولیات میں بہتری لانے کے لئے اپنی تجاویز دیں۔ عازمین کو سہولیت فراہم کرنے کے لئے وزیر نے ریاستی حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ حج ہاوس بمنہ میں عازمین کے آرام دہ قیام کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے اس سلسلے میں موزون انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے کہا کہ مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں خدام الحجاج کی آسان پہچان کے لئے انہیں وردیاں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنے فرائض بحسن و خوبی انجام دے سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حج کمیٹی تمام عازمین کو مخصوص سٹیکرس فراہم کریں گی۔انہوں نے کہا کہ عازمین کوہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سامان پر سبز رنگ کی غلاف چڑھائیں۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس برس سفر محمود کے لئے 35215درخواستیں موصول ہوئیں اور ریاست کو اب تک 7965 نشستیں دی گئی ہیں۔ ایگزیکٹیو آفیسر نے میٹنگ کے دوران بتایاکہ حج کی تربیت کے لئے 36ماہرین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے اور پہلے مرحلے کی تربیت مکمل کی جاچکی ہے جبکہ دوسرے مرحلے کی تربیت جولائی کے پہلے ہفتے میں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عازمین کو مختلف بیماریوں سے بچنے کے لئے مختلف ٹیکے بھی جولائی کے پہلے ہفتے سے دئیے جائیں گے ۔ حج کے لئے مخصوص پروازیں مجوزہ طور 25جولائی سے 4 اگست تک چلیں گی جبکہ عازمین کی واپسی 4 ستمبر 2017ء سے شروع ہوگی۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز