حج 2018 : 14 جولائی سے شروع ہوگا عازمین کی روانگی کا سلسلہ ، ان ریاستوں کے عازمین دہلی سے ہوں گے روانہ

Jul 11, 2018 07:15 PM IST | Updated on: Jul 11, 2018 07:15 PM IST

نئی دہلی: حج بیت اللہ2018کے لیے عازمین حج کی روانگی کے پہلے مرحلے میں ملک کے سب سے بڑے امبارکیشن پوائنٹ اندرا گاندھی انٹر نیشنل ٹرمنل 2- سے دہلی اور دیگر چھ ریاستوں اتر پردیش، ہریانہ، ہماچل پردیش،چنڈی گڑھ، پنجاب اور جموں کشمیر کے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ آئندہ 14 جولائی 2018 سے شروع ہو جائے گا۔یہ اطلاع دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں دی۔

اس موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستوں کے عازمین حج کے عارضی قیام کے لیے دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان اور مسجد و درگاہ فیض الٰہی میں تمام تر ضروری سہولیات پر مشتمل کیمپ کا افتتاح 12 جولائی 2018کو رات8بجے حمدو نعت اور اسلامی تاریخ و روایات اور موضوعات پر مشتمل نظمیہ مشاعرہ سے ہوگا ، جس میں دہلی اور بیرونی دہلی کے معروف شعرا اپنے روح پرور کلام اور تخلیقات پیش کریں گے۔

حج 2018 : 14 جولائی سے شروع ہوگا عازمین کی روانگی کا سلسلہ ، ان ریاستوں کے عازمین دہلی سے ہوں گے روانہ

فائل فوٹو

اس موقع پر دہلی کی مختلف علمی و ادبی ، سماجی ومذہبی اور ملی تنظیموں و اداروں کے نمائندگان کے علاوہ معروف شخصیات نیز ائمہ و مدارس و مساجد کے ذمہ داران حضرات کو مدعو کیا گیا ہے۔تقریب میں حکومت دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیر محصولات، حکومت دہلی کیلاش گہلوت مشاعرہ کی شمع افروزی کریں گے جبکہ مہمان اعزازی محبوب علی قیصر، ایم پی و چیئرمین حج کمیٹی آف انڈیا اور عمران حسین وزیر خوراک و رسد، حکومت دہلی ہوں گے۔مشاعرہ کی صدارت دہلی کے بزرگ شاعروقار مانوی کریں گے۔ افتتاحی کلمات پروفیسر شہپر رسول، وائس چیئرمین دہلی اردو اکادمی پیش کریں گے۔ نظامت کے فرائض کی انجام دہی معین شاداب کریں گے۔

واضح ہوکہ اس سال دہلی سے تقریباً 20000عازمین کل48پروازوں سے حج بیت اللہ کے مقدس سفر کے لیے روانہ ہوں گے ، جس کا سلسلہ 14 جولائی سے شروع ہوکر28 جولائی تک جاری رہے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز