جموں و کشمیر: محبوبہ مفتی کی مداخلت لائی رنگ ، ائر انڈیا نے حج پروازوں کے اوقات میں کی تبدیلی

Sep 11, 2017 10:55 PM IST | Updated on: Sep 11, 2017 10:55 PM IST

سری نگر : جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر آنے والی حج پروازوں کا دن کے وقت ہی سری نگر میں اترنے کو یقینی بنانے کے لئے ائیر انڈیا نے پروازوں کے شیڈول کو از سر نو مرتب کیا ہے ۔ یہ قدم وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی مداخلت کے بعد اٹھایا گیا جنہوں نے سرینگر کے لئے پہلی حج پرواز کے اترنے میں تعطل کا سنگین نوٹس لیا تھا ، جس کے سبب اُس پرواز کے حاجیوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا ۔

وزیر اعلیٰ نے 7 ستمبر کو چیف سیکرٹری کو معاملہ مرکزی شہری ہوا بازی حکام کے ساتھ اٹھانے کے لئے کہا تا کہ اس قسم کا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے ۔ ائیر انڈیا کے نئے شیڈول کے مطابق سعودی عرب سے سری نگر آنے والی پروازوں کے اوقات آج سے بدل دیے گئے ہیں اور اب یہ پروازیں بعد دوپہر 1 بجکر 55 منٹ اور 3 بجکر 15 منٹ روزانہ سرینگر ہوائی اڈے پر اتریں گی تا ہم ستمبر 13 اور 14 کو یہ پروازیں صبح کے دس بجے سری نگر ہوائی اڈے پر اتریں گی ۔

جموں و کشمیر: محبوبہ مفتی کی مداخلت لائی رنگ ، ائر انڈیا نے حج پروازوں کے اوقات میں کی تبدیلی

فائل فوٹو

وزیر اعلیٰ نے ریاستی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ حجاج کو وطن واپس لانے والی پروازوں کو ہوائی اڈے پر اترنے کیلئے کسی بھی صورت میں انتظار نہیں کروایا جانا چاہئیے تا کہ حجاج کو کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے ۔ تازہ شیڈول کے تحت ائیر انڈیا کی پروازیں براستہ دلی آنے کے بجائے براہ راست سری نگر ہوائی اڈے پر دوپہر کے اولین اوقات میں اُتریں گی ۔

دریں اثنا دلی میں جموں کشمیر کے ریذیڈنٹ کمشنر نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر ایس پی سی آئی ڈی سیل نئی دلی اور پروٹوکول افسران پر مشتمل ٹیم سعودی عرب سے روزانہ سری نگر آنے والی حج پروازوں کی نگرانی کیلئے قایم کی ہے تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے معقول انتظامات کئے جا سکیں ۔ اس دوران صوبائی کمشنر کشمیر نے کہا کہ گھریلو اور حج اڑانیں مختصر وقفے کے اندر اندر ہی سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچ جاتی ہیں جس کی وجہ سے حاجی صاحبان اورعام مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچنے میں مشکلات آرہی ہیں۔ چنانچہ ائر پورٹ جانے والی سڑک پر بلا خلل ٹریفک کی نقل وحرکت کو یقینی بنانے اورٹریفک جام کو روکنے کیلئے صوبائی کمشنر نے حاجیوں کے رشتہ داروں سے کہا ہے کہ وہ حاجیوں کو لانے کے لئے صرف ایک ہی گاڑی کا استعمال کریں اور ائر پورٹ سڑک پر اپنی گاڑی کو کھڑا نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک ایڈوائزری پر سختی کے ساتھ عملدر آمد کیاجائے تاکہ مسافروں کو منزل تک پہنچنے کے لئے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز