کلبھوشن جادھو معاملہ میں بین الاقوامی عدالت میں 15 مئی کو ہو گی سماعت

May 11, 2017 02:44 PM IST | Updated on: May 11, 2017 02:44 PM IST

نئی دہلی۔  بین الاقوامی عدالت پاکستان کی جیل میں بند ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو کی پھانسی کی سزا کے خلاف ہندوستان کی جانب سے داخل عرضی پر 15 مئی کو سماعت کرے گی۔  نیدرلینڈ کے ہیگ میں واقع بین اقوامی عدالت نے منگل کے روز عدالت کےضابطوں کے پیرا ۔ 4 کی دفعہ 74 کے تحت کلبھوشن کی پھانسی کی سزا پر پابندی لگادی تھی۔ ہندوستان کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ کلبھوشن کو ایران سے اغوا کیا گیا لیکن پاکستانی افسران نے یہ دکھایا کہ انہیں پچھلے برس تین مارچ کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا ۔ ہندوستان کے دلائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے بین اقوامی عدالت نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھ کر کلبھوشن کی سزائے موت روکنے کو کہا تھا۔

پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے کلبھوشن کو جاسوسی کے الزام میں پچھلے ماہ 10 اپریل کو پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ ہندوستان نے اس کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان نے ویانا معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئےکلبھوشن پر مقدمہ چلایا ہے۔ اس کی  بار بار کی درخواست کے باوجود کلبھوشن کو ہندوستانی سفارتکاروں سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہندوستان نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ کلبھوشن ہندوستان کا جاسوس نہیں ہے۔ وہ ہندوستانی بحریہ میں افسر رہ چکا ہے اور ریٹائر ہونے کے بعد اپنا کاروبار کرتا تھا ۔ ہندوستان نے پاکستان کی فوجی عدالت کے اس فیصلہ کے خلاف 8 مئی کو ہیگ میں واقع بین اقوامی عدالت میں اپیل کی تھی۔

کلبھوشن جادھو معاملہ میں بین الاقوامی عدالت میں 15 مئی کو ہو گی سماعت

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز