سری نگر میں بھیانک آتشزدگی ، دو بینک شاخیں، پوسٹ آفس اور 20 دکانیں خاکستر

Jan 13, 2017 03:39 PM IST | Updated on: Jan 13, 2017 03:39 PM IST

سری نگر: جموں وکشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے قلب تاریخی لال چوک کے نزدیک واقع کورٹ روڈ پر آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو بینک شاخیں، ایک پوسٹ آفس اور قریب 20 دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار کے مطابق کورٹ روڑ پر جمعہ کی علی الصبح آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لئے فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈکوارٹر بتہ مالو اور شہر کے دوسرے حصوں سے قریب دو درجن فائر ٹینڈرز روانہ کئے گئے۔

مذکورہ عہدیدار نے بتایا ’اگرچہ آگ کی اس ہولناک واردات میں ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانا باقی ہے، تاہم اس واردات میں پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) اور وجیا بینک کے علاوہ ایک پوسٹ آفس اور قریب 20 دکانیں کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے‘۔

سری نگر میں بھیانک آتشزدگی ، دو بینک شاخیں، پوسٹ آفس اور 20 دکانیں خاکستر

انہوں نے بتایا کہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ مذکورہ عہدیدار نے مزید بتایا کہ آگ کی اس واردات میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کورٹ روڑ پر واقع ایک ہوٹل سے آگ نمودار ہوئی جس نے آس پاس کی تمام دکانوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز