آمدنی سے زیادہ اثاثہ کے معاملہ میں ویر بھدر کو دہلی ہائی کورٹ سے جھٹکا ، کانگریس نے کیا دفاع

Mar 31, 2017 08:27 PM IST | Updated on: Mar 31, 2017 08:27 PM IST

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے آمدنی کے معلوم ذرائع سے زیادہ جائیداد حاصل کرنے کے معاملے میں ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ اور ان کی اہلیہ پرتبھا سنگھ کو آج اس وقت زبردست جھٹکا دیا جب ہائي کورٹ نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے دائر مقدمے کو مسترد کرنے سے انکار کر دیا۔ جسٹس وپن سانگھي نے سنگھ میاں بیوی کو اس معاملے میں راحت دینے سے انکار کرتے ہوئے ہماچل پردیش ہائی کورٹ کے یکم اکتوبر 2015 کے عبوری حکم کو بھی منسوخ کر دیا۔ ہماچل پردیش ہائی کورٹ نے عبوری حکم میں کہا تھا کہ عدالت کی اجازت کے بغیر سی بی آئي اس معاملے میں تحقیقات، گرفتاری یا چارج شیٹ داخل نہیں کر سکتا۔ جسٹس سانگھي نے کہاکہ درخواست مسترد اور عبوری روک کا حکم ختم کیا جاتا ہے۔

وزیر اعلی اور ان کی اہلیہ نے اپنی درخواست میں دعوی کیا تھا کہ ایسا کوئی حکم، ہدایت یا کوئی عدالتی فیصلہ نہیں آیا ہے جو سی بی آئي کو تفتیش کرنے کا اختیار دے۔ مسٹر ویر بھدرسنگھ نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ سی بی آئي نے ان کی ذاتی رہائش گاہوں اور دیگر احاطوں میں 'بدنیتی اور سیاسی بغض کی وجہ سے چھاپے مارے ہیں۔ ان کا یہ بھی دعوی تھا کہ بیورو نے اپنے دائرہ اختیار سے اوپر جاکر مقدمہ درج کیا، کیونکہ کارروائی کا معاملہ دہلی میں نہیں بنتا۔

آمدنی سے زیادہ اثاثہ کے معاملہ میں ویر بھدر کو دہلی ہائی کورٹ سے جھٹکا ، کانگریس نے کیا دفاع

دوسری جانب سی بی آئي کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ بہت سنگین ہے اور اس میں بڑی رقم شامل ہے۔ ریاستی حکومت اس میں وزیر اعلی کو بچانے میں لگی ہوئی ہے۔ اس دوران سی بی آئی نے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔

دریں اثنا کانگریس نے آج الزام لگایا کہ ویر بھدر سنگھ کے خلاف سیاسی عناد کے جذبے سے کارروائی کی جارہی ہے اور انہیں عہدے سے استعفی دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں یہاں نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ مسٹر ویر بھدر سنگھ پر سیاسی انتقام کے جذبے کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتقامی کارروائی ہے اور مسٹر ویر بھدر سنگھ اس کا مقابلہ کریں گے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز