کشمیر میں جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سابق سرپنچ رمضان شیخ کا مکان نذر آتش– News18 Urdu

کشمیر میں جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سابق سرپنچ رمضان شیخ کا مکان نذر آتش

جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں گزشتہ شام جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سابق سرپنچ کے رہائشی مکان کو شرپسندوں کے ایک گروپ نے آگ کے حوالے کردیا ہے۔

Oct 17, 2017 08:31 PM IST | Updated on: Oct 17, 2017 08:31 PM IST

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں گزشتہ شام جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سابق سرپنچ کے رہائشی مکان کو شرپسندوں کے ایک گروپ نے آگ کے حوالے کردیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع شوپیان کے ہوم ہونہ امام صاحب میں شرپسندوں کے ایک گروپ نے منگل کے روز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) سے وابستہ سابق سرپنچ مرحوم محمد رمضان شیخ کے گھر کو آگ لگادی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ مقامی جنگجو شوکت فلاحی کو سپرد خاک کئے جانے کے بعد پیش آیا۔ خیال رہے کہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے گذشتہ شام سابق سرپنچ محمد رمضان شیخ پر گولیاں چلاکر اسے ہلاک کیا۔ تاہم شیخ پر فائرنگ کے بعد اس کے افراد خانہ اور جنگجوؤں کے مابین ہوئی لڑائی کے دوران شوکت فلاحی نامی جنگجو مارا گیا۔

کشمیر میں جنگجوؤں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سابق سرپنچ رمضان شیخ کا مکان نذر آتش

ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید کا واقعہ پر کہنا ہے ’3 جنگجوؤں نے سابق سرپنچ محمد رمضان پر گولیاں چلاکر اسے ہلاک کیا۔ تاہم طرفین کے مابین ہوئی لڑائی کے دوران شوکت نامی جنگجو مارا گیا‘۔ پولیس کے مطابق سابق سرپنچ کی ہلاکت میں ملوث جنگجوؤں کا تعلق حزب المجاہدین سے ہے۔