پرگتی میدان میں عالمی تجارتی میلہ میں 'ہنر ہاٹ' کا آغاز، بہترین مصنوعات کی نمائش

Nov 14, 2017 07:17 PM IST | Updated on: Nov 14, 2017 07:17 PM IST

نئی دہلی۔ ملک میں ہنر کے استاد کاريگروں ، دستکاروں اور فنکاروں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بازار فراہم کرنے کے لئے یہاں پرگتی میدان میں منعقدہ ہند عالمی تجارتی میلے میں 'ہنر ہاٹ' آج سے شروع ہو گیا جو 27 نومبر تک چلے گا۔  اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 'ہنر ہاٹ' میں 20 ریاستوں کے 130 سے ​​زیادہ کاریگروں ، دستکاروں اور فنکاروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو چھوٹے پیمانے پر کام کرنے والے لاکھوں كاريگروں سے جڑے ہوئے ہیں۔ ان میں تقریبا 30 خواتین دستکار بھی شامل ہیں۔ مسٹر نقوی ہنر ہاٹ کا کل باضابطہ افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ برسوں میں منعقد ہونے والے ہنر ہاٹ کو ملنے والی کامیابی اور اس سے فنکاروں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر بڑے پیمانے پر آرڈر ملنے کی وجہ سے اس کا پھر سے انعقاد کیا گیا ہے۔ اس میں دستکاری کے علاوہ چرخہ کی بہترین مصنوعات کی نمائش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اہتمام سے وراثت میں مہارتوں کو ناپید ہونے سے بچانے میں مدد ملنے کے ساتھ ہی لوگوں کے درمیان ان کے تئيں بیداری بڑھی ہے اور لوگ اس میں روزگار تلاش کر رہے ہیں۔

پرگتی میدان میں عالمی تجارتی میلہ میں 'ہنر ہاٹ' کا آغاز، بہترین مصنوعات کی نمائش

مسٹر نقوی نے کہا کہ اس بار 'ہنر ہاٹ' میں آسام کے بینت، بانس اور جوٹ کی مصنوعات، بھاگلپور کے ٹیسر، گيجا، مٹکاسلک، راجستھان اور تلنگانہ کی روایتی لاکھ کی چوڑیاں اور زیورات، مغربی بنگال کیی كانتھا کاری ، وارانسی کے زریدار لباس، اور اتر پردیش کے لکھنوی چکن کی نمائش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنر کے استاد کاریگر بہت غریب لوگ ہیں جو دور دراز کے علاقوں سے اپنی مصنوعات کی فروخت کے لئے اپنے اخراجات پر دہلی یا دیگر مقامات پر نہیں جا سکتے۔ اس لئے ان کی اقلیتی وزارت نے ان کاریگروں کو مفت میں جگہ دستیاب کرائی ہے اور آنے جانے کا کرایہ بھی دیا ہے۔

مختار عباس نقوی پریس کانفرنس کرتے ہوئے۔ مختار عباس نقوی پریس کانفرنس کرتے ہوئے۔

وزیر موصوف نے آج کہا کہ 'ہنر ہاٹ' کی شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب اسے ہر مہینے منعقد کیا جائے گا۔ مسٹر مختار نقوی نے ایک پریس کانفرنس میں یہاں کہا کہ ہنر ہاٹ کے انعقاد سے فنکار کاریگروں کو بڑے پیمانے پر ملک اور بیرون ملک سے آرڈر ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں دس سے بارہ ہاٹ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی، کولکاتہ، لکھنؤ، بھوپال، جے پور اور حیدرآباد میں آنے والے دنوں میں 'ہنر ہاٹ' کا میلہ لگایا جائے گا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز