تعلیم کے میدان میں کام کرنے کے لئے خدا کا شکرگزار ہوں : لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ

May 17, 2017 12:07 PM IST | Updated on: May 17, 2017 12:07 PM IST

علی گڑھ ۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے بحیثیت وائس چانسلر یونیورسٹی برادری کے لئے جاری اپنے آخری پیغام میں کہا ہے کہ پروفیسر طارق منصور ایک سینئر استاد اور علی گڑھ برادری سے قریب ہونے کے ناطے ایک کامیاب وائس چانسلر ثابت ہوں گے اور یونیورسٹی کے انتظامی کاموں میں ان کے تجربات سے انہیں فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 17 ؍مئی2017 کو یونیورسٹی سے بھاری دل کے ساتھ رخصت ہوں گے لیکن انہیں اس بات کی مسرت ہے کہ انہوں نے اے ایم یو کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے بہتر خدمات پیش کیں۔  لیفٹیننٹ جنرل شاہ نے کہا کہ وہ اے ایم یو کو ملک کی نمبرایک یونیورسٹی بنانا چاہتے تھے لیکن چند وجوہات کے تحت ایسا ممکن نہ ہوسکا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی اس مقصد کو حاصل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف دو یوم قبل اپنے 2017کے سروے میں انڈیا ٹوڈے نے ملک میں قانون فیکلٹی کو دوسرا اور جے این میڈیکل کالج کو آٹھواں مقام دیا ہے جو ہمارے لئے بڑا اعزاز ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ انہیں تعلیم کے میدان میں کام کرنے کا موقعہ حاصل ہوا اس کے لئے وہ خدا کے شکرگزار ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ مختلف میدانوں میں سیکولر اسکولوں کا قیام کرسکیں۔ ضمیرالدین شاہ نے میڈیا کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے ہمیشہ میری مدد کی لیکن میں انھیں مشورہ دینا چاہوں گا کہ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کریں۔ اپنے مستقبل کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اب جو وقت ملے گا تو میں آپنی آپ بیتی لکھوں گا اوردیگر دانشوروں کی تخلیقات کا مطالعہ کروں گا اور ساتھ  ہی اپنے لئے اور اپنے خاندان کے لیے وقت نکالوں گا۔

تعلیم کے میدان میں کام کرنے کے لئے خدا کا شکرگزار ہوں : لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ

اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ

جنرل شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی میں مدارس کے طلباء کے لئے چل رہے برج کورس کی اہمیت سے نئے شیخ الجامعہ کو واقف کرادیا ہے اور میں چاہوں گا کہ اس کورس میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے ۔ جنرل ضمیرالدین شاہ نے ہندوستانی مدارس کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ پورے دنیا کے راستے آپ کے لیے کھلے ہوئے ہیں ۔ آپ دینی تعلیم سے آراستہ ہیں۔ اب عصری علوم حاصل کیجئے اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنی حصہ داری کو یقینی بنائیں ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز