یوگی کا وزراء کو کل تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم،41 افسروں کا کیا تبادلہ

Apr 18, 2017 08:16 PM IST | Updated on: Apr 18, 2017 08:16 PM IST

لکھنؤ۔  اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدیتیہ ناتھ نے اپنے وزیروں کو کل تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات دینے کے لئے کہا ہے۔ مسٹر یوگی نے اپنے وزراء کو صاف ستھرا اور شفاف حکومت چلانے کے لئے یہ حکم دیا ۔ اپنے آٹھ نکاتی رہنما ہدایات میں وزیر اعلی نے وزیروں کو اس پر ایمانداری سے عمل کرنے کے لئے کہا ہے۔ یوگی حکومت نے اپنے ایک ماہ کا وقت مکمل کرلیا ہے اور آج شام کو اپنی تیسری کابینہ کی میٹنگ میں مزید کچھ اصولی معاملات پر فیصلے لینے کی امید ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی کی اہم ہدایات میں کہا گیا ہ یکہ ریاست کا کوئی بھی وزیر پانچ ہزار روپے سے زیادہ کا کسی بھی طرح کا تحفہ قبول نہیں کرے گا اور اگر وہ قبول کرتا ہے تو اسے سرکاری خزانے میں جمع کرانا ہوگا۔ وزیر تحفہ میں کسی بیگ یا کسی چیز کو قبول نہیں کرسکتے اور انہیں خود کو بھی شاندار پارٹیوں سے دور رکھنا ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ سرکاری جائیداد بھی نہیں خرید سکتے۔

مسٹر یوگی نے ریاست کے وزیروں کوپرائیوٹ ٹھیکیدار کے طور پر کام کرنے والے اپنے رشتہ داروں سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ وہ سرکاری دورے کے وقت سرکاری گیسٹ ہاوس میں ہی رہیں گے اور ہر سال 31 مارچ تک انہیں اپنی جائیداد کی تفصیل جمع کرانی ہوگی۔ اس سے قبل پریس کانفرنس میں حکومت کے سرکاری ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ 19مارچ کو عہدہ کا حلف لینے کے بعد وزیر اعلی نے اپنی کابینہ کی ایک میٹنگ منعقد کرکے حکومت کے ساتھ ساتھ پارٹی دفتر میں اپنی جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے کہا تھا۔ ایک اعلی افسر نے بتایا کہ بڑی تعداد میں وزیر وں نے اپنی جائیداد کی تفصیلات پیش نہیں کی ہیں ۔ وزیروں کو اپنی جائیداد کی تفصیل تین اپریل تک ہی جمع کردینی چاہئے تھی جب اس معاملے کو وزیر اعلی کے نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے کابینہ کو اگلے تین دنوں میں تفصیل دینے کے لئے کہا تھا۔ اب تک 46 وزراء میں سے صرف تیرہ وزیروں نے ہی اپنی جائیداد کی تفصیلات جمع کرائی ہیں۔

یوگی کا وزراء کو کل تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم،41 افسروں کا کیا تبادلہ

photo : ANI

ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ اس معاملے میں وزیروں کے درمیان کچھ غلط فہمی ہے کیوں کہ انہیں کوئی جانکاری نہیں ہے کہ اپنی جائیداد کی تفصیل کیسے دینی ہے۔ نام شائع نہیں کرنے کی شرط پر ایک وزیر نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ ہفتے سی اے کے ذریعہ تصدیق شدہ جائیداد رپورٹ چیف سکریٹری کو بھیجا تھا لیکن اسے یہ کہہ کر مسترد کردیا گیا کہ یہ ایک ایسی رپورٹ ہے جسے الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو ایک فارمیٹ بھیجنا چاہئے کہ رپورٹ کس طرح جمع کریں اور اس کا خاکہ کیا ہے۔ اگر خاکہ الیکشن کمیشن سے الگ ہے تو اس کے بارے میں انہیں مطلع کیا جائے۔ جس سے وہ اس معاملے کو وزیر اعلی کے سامنے پیش کرسکیں۔ ایک دیگر وزیر نے کہا کہ وہ سرکاری کاموں میں اتنے مصروف تھے کہ وہ اسے بھول گئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میرے خاندان اور جن پارٹی کارکنوں نے الیکشن کے دوران میری مدد کی تھی ان کے لئے بھی مجھے وقت نہیں مل رہا ہے۔

یوگی کابینہ کی تیسری میٹنگ سے پہلے 41 افسروں کا تبادلہ

یوگی آدتیہ ناتھ کی کابینہ سے پہلے اتر پردیش میں بڑی سطح پر انتظامی ردوبدل ہوئے ہیں۔ حکومت نے ریاست کے 41 افسروں کا تبادلہ کیا ہے۔ ان میں آئی اے ایس اور پی سی ایس افسر شامل ہیں۔ لکھنؤ، وارانسی اور گورکھپور کے افسروں کا تبادلہ بھی کیا گیا ہے اور ذمہ داری بدلی گئی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز