جمعیۃ علماء ہند کی ارباب مدارس سے اپیل ، جوش و خروش سے منائیں یوم آزادی ، اکابر کی قربانیوں کو کریں یاد

Aug 13, 2017 08:41 PM IST | Updated on: Aug 13, 2017 08:48 PM IST

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی جانب سے مدارس کے ذمہ داروں اور جمعیۃ کی اکائیوں کے نام ایک اہم سرکلر جاری ہو ا ہے ، جس میں ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میںیہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اداروں میں پر جوش طریقے سے جشن یوم آزادی منائیں اور اپنے اکابر اورقومی ہیرو کی خدمات سے عوام کو روشناس کرائیں ۔

مولانا مدنی نے سرکلر میں لکھا ہے کہ یوپی اور مدھیہ پردیش حکومتوں کی طرف سے ملحق مدارس کے لیے سرکلر جاری ہوا ہے کہ ۱۵؍اگست کو پروگرام منعقد کرکے جھنڈا لہرایا جائے اور’’ جن من گن‘‘سمیت وطن پروری پر مشتمل نغمے گائے جائیں ۔سرکار کے اس فیصلے میں ایک خاص سوچ اور نظریے کی جھلک نظر آتی ہے ، جو ہمیشہ سے مدارس کے روشن کردار پر شبہ کرتی رہی ہے ۔

جمعیۃ علماء ہند کی ارباب مدارس سے اپیل ، جوش و خروش سے منائیں یوم آزادی ، اکابر کی قربانیوں کو کریں یاد

حالاں کہ ملک کی آزادی میں مدارس اسلامیہ کا کردار عالم آشکارا ہے ، مدارس کے فضلاء نے اپنے خون جگر سے آزادی وطن کے خوابوں کو تعبیر بخشی تھی ۔پشاورکے قصہ خوانی باز ار سے لے کر مدنا پوربنگال تک کوئی ایسا حصہ نہیں، جہاں اس کے جیالے تختہ دار پر نہ چڑھے ہوں۔آزادی وطن کے بعد بھی مدارس کے فضلاء مختلف میدانوں میں رہ کر ملک کی بے مثال خدمت انجام دیتے رہے ہیں ۔ یہ حقیقت ہے کہ وطن کے تئیں اپنے جذبہ کو کسی سے ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ، تاہم ملک میں اپنے تئیں منفی فضاء قائم کرسنے والوں کو آئینہ دکھاناوقت کا اہم تقاضا ہے ۔

اسی کے مدنظر جمعےۃ علماء ہندکی مجلس عاملہ( منعقدہ24 جولائی 2017) نے جمعےۃ علماء کی شاخوں اور تمام ارباب مدارس اسلامیہ سے اپیل کی تھی کہ وہ حسب معمول’’ جشن یوم آزادی‘‘ منائیں اور اس تقریب میں سرکاری افسران اور برادران وطن کے ذمہ دار افراد کو بھی مدعو کیا جائے ۔خاکسار کی رائے ہے کہ جمعےۃ علماء اوراکابر رحمہم اللہ کی خدمات سے نئی نسل کو خاص طور سے روشنا س کرایاجائے: تحریک ریشمی رومال اور شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ ، سید احمد شہیدؒ مولانا اسمعیل شہیدؒ ، حاجی امداداللہ مہاجر مکیؒ ، مولانا قاسم نانوتویؒ ، مولانا رشید احمد گنگوہیؒ ، سید ضامن شہیدؒ ،حضرت مولانا حسین احمد مدنی ؒ ، مولانا مفتی کفایت اللہ ؒ ،مولانا ابوالکلام آزادؒ ، گاندھی جی ، کانگریس، مولامحمد علی جوہرؒ ، ؒ ، مولانا عزیز گلؒ وغیرہم کے بارے میں معلوما ت بہم پہنچائی جائیں او ر ان پروگراموں کو ریکارڈ س کیے جائیں اور ان کی اشاعت کرائی جائے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز