شمالی کشمیر میں ایل او سی پر فوج کا بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ، سینکڑوں فوجی آپریشن میں شامل

Jun 11, 2017 04:58 PM IST | Updated on: Jun 11, 2017 05:00 PM IST

سری نگر: فوج کی جانب سے شمالی کشمیر کے تین اضلاع کپواڑہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں لائن آف کنٹرول کے نذدیک گھنے جنگلوں میں تلاشی آپریشن بدستور جاری رکھا گیا ہے۔ فوج نے ان علاقوں میں گذشتہ پانچ دنوں کے دوران پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے دراندازی کی پانچ بڑی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 14 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم دراندازی کی ان کوششوں کو ناکام بنانے کے دوران طرفین کے مابین گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح روشنی کی پہلی کرن کے ساتھ ضلع کپواڑہ کے نوگام اور مژھل سیکٹروں ، ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر اور ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں تلاشی آپریشن بحال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گریز سیکٹر میں ہفتہ کو ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ تاہم اس کے بعد جھڑپ کے مقام سے فرار ہونے والے جنگجوؤں سے فوجیوں کا تاحال کوئی آمناسامنا نہیں ہوا‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کے چار مختلف سیکٹروں میں جاری تلاشی آپریشنوں میں سینکڑوں کی تعداد میں سیکورٹی فورس اہلکار مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جانی نقصان کو ٹالنے کے لئے تلاشی آپریشنوں کو رات کے دوران معطل رکھا جاتا ہے۔

شمالی کشمیر میں ایل او سی پر فوج کا بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری ، سینکڑوں فوجی آپریشن میں شامل

ہندوستانی فوج: فائل فوٹو، پی ٹی آئی

دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں ایل او سی پر 7 جون سے دراندازی کی پے درپے پانچ کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 14 جنگجوؤں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گریز سیکٹر میں ہفتہ کو ایک جنگجو کی ہلاکت سے قبل فوجیوں نے 9 جون کو ضلع بارہمولہ میں ایل او سی کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 6 دراندازوں کو ہلاک کیا۔ فوج نے 6 جون کو مژھل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چار دراندازوں کو ہلاک کیا تھا۔

نوگام سیکٹر میں ایسی ہی ایک کاروائی میں تین جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ تاہم نوگام سیکٹر میں ایک جنگجو ہلاک جبکہ اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کے دوران دو فوجی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ گذشتہ ماہ کی 27 تاریخ کو فوج نے دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بارہمولہ کے رامپور سیکٹر میں 6 جنگجوؤں کو ہلاک کیا تھا۔ اس سے قبل فوج نے 26 مئی کو اوڑی سیکٹر میں ایل او سی پر پاکستانی باڈر ایکشن ٹیم سے منسلک دو اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

فوج نے مذکورہ کاروائی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹ سے منسلک دو اہلکاروں کو اُس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ بھارتی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر حملے کے ارادے سے بھارتی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔ 21 مئی کو شمالی ضلع کپواڑہ کے نوگام سیکٹر میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ایک خونریز جھڑپ میں 4 جنگجو اور 3 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ رپورٹوں کے مطابق گذشتہ پانچ مہینوں کے دوران پاکستان زیر قبضہ کشمیر سے دراندازی کی 23 کوششوں کو ناکام بنایا گیا جس کے دوران 35 جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز