بحال کردہ ہندوستانی حج کوٹہ مرکزی حج کمیٹی کو ہی دیا جائے: حافظ نوشاد اعظمی

Jan 10, 2017 07:18 PM IST | Updated on: Jan 10, 2017 07:18 PM IST

نئی دہلی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سابق رکن حافظ نوشاد اعظمی نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب نے ہندوستانی عازمین کے 20 فیصد تخفیف شدہ کوٹے کو جو بحال کیا ہے وہ ہر قیمت پر حج کمیٹی کو ملنا چاہئے۔ واضح رہے کہ خانہ کعبہ کے احاطے میں بڑے پیمانے پر تعمیر و توسیع کے لئے 2013 میں ہندستانی حج کوٹے میں 20 فیصد کی تخفیف کی گئی تھی۔  پچھلے سال حج کمیٹی کا کوٹہ جہاں ایک لاکھ  تھا وہیں درخواستیں تقریباً پانچ لاکھ موصول ہوئی تھیں۔  اعظمی نے کہا کہ ہندوستانی عازمین حج چونکہ سفر حج کے لئے مرکزی حج کمیٹی کو ہی اولین ترجیح دیتے ہیں اس لئے بحال کردہ کوٹہ حج کمیٹی کو ہی دیا جاناچاہئے۔ دوسری ایجنسیاں جو سفر حج کا بزنس کرتی ہیں ان پر اس معاملہ میں مرکزی حج کمیٹی کو ترجیح دینا ہندوستانی مسلمانوں کے ساتھ حکومت کا انصاف ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آٹھ نومبر کو یہاں بڑی تعداد میں علمائے کرام اور ملک بھر کے مسلم نمائندوں نے بھی حج کمیٹی کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس لئے سعودی عرب سے ملنے والا ہر کوٹہ بشمول بحال کردہ کوٹہ حج کمیٹی آف انڈیا کو ہی ملنا چاہئے۔ عازمین حج کے مسائل سے سرکاری ذمہ داران کو آگاہ کرنے میں سرگرم  اعظمی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملت اسلامیہ کے ساتھ اس انصاف کو یقینی بنائے تاکہ ماضی کی طرح عازمین حج کے مفادات کے تحفظ کی تحریک چلانے کی نوبت نہ آئے۔

بحال کردہ ہندوستانی حج کوٹہ مرکزی حج کمیٹی کو ہی دیا جائے: حافظ نوشاد اعظمی

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز