جلد ہی آن لائن ٹکٹ بکنگ کیلئے ضروری ہوگا آدھار نمبر

Mar 02, 2017 07:39 PM IST | Updated on: Mar 02, 2017 07:41 PM IST

نئی دہلی : ریلوے ٹکٹ بکنگ میں ہونے والی دھوکہ دہی اور بلک ٹکٹ بکنگ پر روک لگانے کے لئے ریلوے جلد ہی آدھار کارڈ پر مبنی آن لائن ٹکٹ بکنگ نظام لانے والا ہے ۔ اس سسٹم کے آنے کے بعد آدھار کارڈ نمبر کے بغیر آن لائن ٹکٹ بکنگ نہیں ہو پائے گی۔

قبل ازین ریلوے بورڈ نے ٹرینوں میں سن رسیدہ شہریوں کو کرایہ میں رعایت لینے کے لئے آدھار کارڈ ضروری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یکم اپریل سے آدھار کارڈ کے بغیر سینئر سٹیزن کو کرایہ میں رعایت نہیں ملے گی۔ تاہم 31 مارچ تک یہ آفر اختیاری ہے۔

جلد ہی آن لائن ٹکٹ بکنگ کیلئے ضروری ہوگا آدھار نمبر

ریلوے کے وزیر سریشپربھو کی طرف سے جمعرات کو 2017-18 کے لئے پیش کئے گئے ریلوے کے نئے بزنس پلان کے مطابق آدھار کارڈ پر مبنی ٹکٹ بکنگ سسٹم کے علاوہ نقدسے مبرا ٹکٹ بکنگ نظام کو فروغ دینے کے لئے ملک بھر میں 6000 پوائنٹ آف سیل مشینیں اور 1000 آٹومیٹک ٹکٹ وینڈنگ مشینیں نصب کی جائیں گی۔ ساتھ ہی ریلوے کیش لیس ٹرانزکشن کو فروغ دینے کے لئے ایک ٹکٹ بکنگ اپلی کیشن بھی لانچ کرے گا۔

ریل محکمہ کے ایک سینئر افسر کے مطابق آئی آر سی ٹی سی کی ٹکٹ بکنگ ویب سائٹ پر ون ٹائم رجسٹریشن کے لئے آدھار نمبر ضروری ہو گا۔ اس اقدام کا مقصد فرضی شناخت کے ساتھ ٹکٹ بکنگ کرنے والے ٹکٹ دلالوں کو روکنا ہے۔ ' نئے پلان کے مطابق ریلوے کا اس سال ہند-بنگلہ دیش فریٹ ٹرین شروع کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز