پلوامہ جھڑپ میں برہان وانی کے دست راست سبزار احمد بٹ سمیت 2 جنگجو ہلاک

May 27, 2017 12:41 PM IST | Updated on: May 27, 2017 01:59 PM IST

سری نگر۔  جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جمعہ کی شام سے جاری شدید تصادم آرائی میں حزب المجاہدین (ایچ ایم) کے مہلوک کمانڈر برہان مظفر وانی کے دست راست و جانشین حزب المجاہدین کمانڈر سبزار احمد بٹ  سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب تصادم آرائی کے مقام سیموہ ترال میں مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان جھڑپوں کے دوران سیکورٹی فورسز کی جانب سے پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کے شدید استعمال کے سبب متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو مسلح تصادم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے سیموہ ترال میں گذشتہ رات جنگجوؤں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی ایک گشتی پارٹی پر حملہ کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے جوابی کاروائی کی جس کے بعد طرفین کے مابین تصادم آرائی کا سلسلہ شروع ہوا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ’جنگجوؤں کے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک سیموہ روانہ کی گئی اور جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے سیموہ اور اس سے ملحقہ کئی دیہات کو سخت محاصرے میں لیا گیا‘۔ انہوں نے بتایا کہ وقفہ وقفہ سے گولہ باری کا تبادلہ رات بھر جاری رہا۔

ذرائع نے بتایا کہ کچھ گھنٹوں کے وقفے کے بعد جنگجوؤں نے ہفتہ کی صبح سیکورٹی فورسز پر اس وقت شدید فائرنگ کی جب کچھ سیکورٹی فورسز نے اس مکان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس میں جنگجو محصور تھے۔ تصادم آرائی کے دوران ایک مکان کے مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ تصادم آرائی کے دوران سبزار احمد بٹ ساکنہ رٹھسونہ ترال جس نے 2016 ء میں برہان وانی کی جگہ لی،  سمیت دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں جنگجو مخالف آپریشن جاری تھا۔ جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جاری تصادم آرائی کے دوران ترال کے متعدد علاقوں سے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور سیکورٹی فورسز پر پتھراو کرنے لگے۔ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف اُس وقت پیلٹ فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولوں کا استعمال کیا جب انہوں نے سیموہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقہ میں طرفین کے مابین شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔

پلوامہ جھڑپ میں برہان وانی کے دست راست سبزار احمد بٹ سمیت 2 جنگجو ہلاک

اس سے پہلے بارہ مولہ کے رامپور سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کر رہے 6 جنگجووں کو فوج کے جوانوں نے مار گرایا۔ فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ جمعہ کو بھی فوج نے دراندازی کی کوشش کر رہے پاکستان کی بارڈر ایکشن ٹیم کے 3 جوانوں کو پکڑا تھا۔ دوسری طرف فوج نے گزشتہ رات جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال علاقے میں جنگجووں سے انکاؤنٹر میں تین جنگجو مار گرائے۔ اس کے بعد پولیس اور آرمی کی مشترکہ ٹیم کی طرف سے چلائی گئی مہم میں سیمو گاؤں سے تین جنگجو پکڑے گئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز