سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں ہندوستانیوں کا کردار بہت اہم: ڈاکٹر سعود الساطی

Apr 21, 2017 08:33 AM IST | Updated on: Apr 21, 2017 08:33 AM IST

نئی دہلی۔ ہندوستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات پرروشنی ڈالتے ہوئے سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود الساطی نے کہاکہ سعودی عرب کی تعمیر و ترقی اور خصوصاً معاشی ترقی میں ہندوستانیوں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں روزنامہ خبریں اور الخدم گروپ کے مشترکہ پروگرام’ عمر ہ ٹکٹ تقسیم ایوارڈ تقریب ‘سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے آج یہاں معترفانہ لہجے میں کہا کہ سعودی عرب میں ہندوستانیوں کی تعداد تقریباً تیس لاکھ ہے جن میں سے بیشتر مسلمان ہیں اور یہ لوگ سعودی عر ب کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج و عمرہ نہ صرف ایک اہم عبادت ہے بلکہ یہ بین ممالک رابطے کی اہم کڑی بھی ہے۔ اس سے ایک دوسرے کے  حالات وواقعات جاننے کا موقع ملتا ہے۔

سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں ہندوستانیوں کا کردار بہت اہم: ڈاکٹر سعود الساطی

ڈاکٹر سعود الساطی: فائل فوٹو

ڈاکٹر الساطی نے اردو میڈیا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ میڈیا ملک کے تئیں بہترین خدمات انجام دے رہا ہے ۔ مرکزی جمیعۃ اہل حدیث کے جنرل سکریٹری مولانا اصغر امام مہدی سلفی نے عمرہ کا ٹکٹ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان لوگوں نے ایسی جگہ کا ٹکٹ جیتا ہے جہاں جانے کی ہر مسلمان تمنا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بہت اہم ہے کہ کچھ لوگ کوئز کے ذریعہ سے عمرہ کا انتظام کر رہے ہیں۔ روزنامہ خبریں کے ایڈیٹر قاسم سید نے کہا کہ روزنامہ خبریں نے الخدم گروپ کے تعان سے یہ سلسلہ شروع کیا تھا۔ جس کا ثمرہ آج دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اخبار کو نامساعد حالات میں شروع کیا گیا تھا جو ترقی کرتے کرتے اس مقام تک پہنچا ہے امید ہے کہ اگر سب کا تعاون شامل حال رہا تو یہ اخبار مزید اونچائیوں کو چھوئے گا۔

الخدم گروپ کے ڈائرکٹر شاہ جمال نے اس کوئز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ دو ہزار لوگوں نے اس کوئز میں حصہ لیا تھا اور کوئز میں 40 سوالات پوچھے گئے تھے جن میں 20 کے جوابات دینے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار لوگوں میں سے 500لوگوں کے جوابات صحیح پائے گئے اور قرعہ اندازی کے ذریعہ پانچ لوگوں کا انتخاب عمل میں آیا اور ان لوگوں کو عمرہ کا ٹکٹ دیا گیا۔ انہوں نے کوئز منعقد کرنے کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس کا مقصد اسلامی معلومات کی طرف لوگوں کو راغب کرنا ہے تاکہ وہ اسلام کے بارے میں جان سکیں اور اسلام کو جاننے کا جذبہ پیدا ہو۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز