وزیر اعظم مودی ڈگری معاملہ : ریکارڈ جانچنے کا حکم دینے پر انفارمیشن کمشنر سے چھنا ایچ آر ڈی کا چارج

Jan 12, 2017 10:34 PM IST | Updated on: Jan 12, 2017 10:34 PM IST

نئی دہلی : وزیر اعظم مودی کو ڈگری دیئے جانے والے سال کے تمام ریکارڈ کی جانچ کا حکم دینے کے دو دن بعد ہی انفارمیشن کمشنر سے ایچ آر ڈی کا چارج چھین لیا گیا ہے۔انڈین ایکسپریس میں شائع خبر کے مطابق دسمبر 2016 میں انفارمیشن کمشنر ایم شری دھر آچاریولو نے دہلی یونیورسٹی کی 1978 کے بی اے ڈگری ریکارڈ کی جانچ اور اس کو عام کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس حکم کو عام کیے جانے کے تقریبا دو دن بعد ہی چیف انفارمیشن کمشنر آر کے ماتھر نے ایم شری دھرسے ایچ آر ڈی وزارت کا چارج چھین لیا ہے۔ نئے احکامات میں چیف انفارمیشن کمشنر نے کاموں کی از سر نوتقسیم کی ہے، جسے فوری طور پر طور پر نافذ کر دیا گیا ہے۔ حکم کے مطابق انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت سے متعلق تمام شکایتیں اور تجاویز دیگر انفارمیشن کمشنر منجولا پراشر دیکھیں گی۔

وزیر اعظم مودی ڈگری معاملہ : ریکارڈ جانچنے کا حکم دینے پر انفارمیشن کمشنر سے چھنا ایچ آر ڈی کا چارج

بتایا جا رہا ہے کہ یہ حکم ایم شری دھر کی ڈگری سے متعلق حکم دیے جانے کے دو دن بعد ہی دے دیا گیا تھا، جو اب سامنے آیا ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ سال وزیر اعظم مودی کی تعلیمی قابلیت پر سوال اٹھنے کے بعد بی جے پی نے پریس کانفرنس کی تھی۔ اس دوران یہ معلومات دی گئی تھی کہ پی ایم مودی نے سال 1978 میں دہلی یونیورسٹی سے فاصلاتی تعلیم کے تحت پولیٹکل سائنس میں بی اے ڈگری لی تھی۔

تاہم اس کی معلومات پر بھی بعد میں سوال اٹھائے گئے تھے۔ آر ٹی آئی کے تحت جب ریکارڈ کی معلومات مانگی گئی ، تو ڈی یو نے یہ کہتے ہوئے درخواست مسترد کر دی کہ یہ طالب علموں کی ذاتی معلومات سے متعلق ہے۔ اس کے انکشاف کا کسی بھی عوامی سرگرمی یا مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز