ملک بھر میں 12 فروری کو عالمی یوم یونانی میڈیسن تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا

Feb 07, 2017 07:18 PM IST | Updated on: Feb 07, 2017 07:18 PM IST

نئی دہلی۔  ہرسال کی طرح امسال بھی 12 فروری کو عالمی یوم یونانی میڈیسن کے موقع پر ملک کے گوشہ گوشہ میں اور بالخصوص دہلی، لکھنؤ، ممبئی، پٹنہ، الہ آباد، حیدرآباد اور بھیونڈی وغیرہ میں تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے جبکہ جے پور میں ایک عظیم الشان کنونشن منعقد ہوگا۔ آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے اعزازی سکریٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خان نے یو این آئی کو بتایا کہ جے پور کے آرکے پیلس ہوٹل میں منعقد ہونے والے مجوزہ ایک روزہ طبی کنونشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ راجستھان کے وزیر صحت مسٹر کالی چرن صراس اس کنونشن کے مہمان خصوصی ہوں گے اور آیورویدک یونیورسٹی جودھپور کے وائس چانسلر پروفیسر رادھے شیام شرما اس کی صدارت کریں گے۔

ڈاکٹر سید احمد خان نے بتایا کہ سنٹرل کونسل فار انڈین میڈیسن نے اپنی ایگزی کیوٹیو کمیٹی کی میٹنگ میں 12 فروری کو قومی یونانی ڈ ے کے طور پر منانے کی حکومت سے سفارش کی ہے۔ اس سفارش کے مدنظر آل انڈیا یونانی طبی کانگریس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیشنل یونانی ڈے منانے کے سلسلے میں اسی طرح کا سرکلر جاری کرے جیسا کہ یوگا، آیورویدک اور ہومیوپیتھک کے لئے جاری کیا ہے۔  ڈاکٹر سید احمد خان نے مزید بتایا کہ جے پور میں منعقد ہونے والے کنونشن میں سی جی ایچ ایس ڈسپنریوں میں یونانی شعبہ کا قیام، سی سی آر یو ایم کی تحقیقی شاخ کا قیام اور راجستھان میں طب یونانی کی صورت حال جیسے موضوعات پر غور کیا جائے گا۔

ملک بھر میں 12 فروری کو عالمی یوم یونانی میڈیسن تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا

ڈاکٹر سید احمد خان، فائل فوٹو

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز