شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فریشر پارٹی میں سعودی کلچرل اتاشی کا والہانہ استقبال

نئی دہلی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی کانفرنس ہال میں شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے ہر سال کی طر ح امسال بھی نئے طلبہ کے استقبال میں فریشر پارٹی کا انعقاد کیا گیا ۔

Nov 07, 2017 09:23 PM IST | Updated on: Nov 07, 2017 09:23 PM IST

نئی دہلی۔  جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی کانفرنس ہال میں شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے ہر سال کی طر ح امسال بھی نئے طلبہ کے استقبال میں فریشر پارٹی کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے سعودی کلچرل اتاشی ڈاکٹر عبد اللہ صالح شتوی نے شرکت کی ،جبکہ پر و وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر شاہد اشرف  نے صدارت کے فرائض انجام دئے ۔ پروگرام کا آغاز شعبۂ عربی کے طالب علم محمد ریحان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ، پھر شعبۂ عربی کی طالبات نے مہمانوں کو گلدستہ پیش کیا ، پروگرام کا  باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے محمد میکائل نے صدر شعبۂ عربی پروفیسر حبیب اللہ خان کو استقبالیہ کلمات پیش کرنے کی دعوت دی ، صدر شعبۂ عربی نے مہمانوں بالخصوص مہمان خصوصی ڈاکٹر عبد اللہ صالح شتوی ، اور صدر مجلس پروفیسر شاہد اشرف اور تمام طلبۂ و اساتذہ کا استقبال کرتے ہوئے فرمایا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ ہندوستان کی ایک مایہ ناز اور تاریخی یونیورسٹی ہے ، اور شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ ملک کے ممتاز ترین شعبوں میں شامل ہے، اس شعبہ سے وابستہ طلبہ کا مستقبل روشن رہا ہے کیونکہ جامعہ کے تمام شعبے اور بالخصوص شعبۂ عربی اپنے طلبہ کو سب زیادہ اہمیت دیتا ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لئے اپنی ساری توانائیاں صرف کرتا ہے۔

شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ نے عربی زبان و ادب کی تعلیم کا ایک اعلی معیار قائم کیا ہے ، اسی لئے اس شعبہ سے مختلف عرب ممالک کے سفارتی اور ثقافتی نمائندے اوربالخصوص سعودی عرب کی سفارتی ،ثقافتی ، اور علمی شخصیات وابستہ رہی ہیں،شعبۂ عربی کے سعودی عرب سے گہرے تعلقات کا ہی نتیجہ تھا کہ سعودی عرب کے مرکز عبد اللہ بن عبد العزیز برائے فروغ عربی زبان نے گزشتہ دنوں شعبۂ عربی کے تعاون سے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں عربی زبان کی شاندار ہفت روزہ تقریبات منعقد کی تھیں۔ شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ کے حسن کار کردگی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یو ں تو شعبۂ عربی کے طلبہ کو ملازمت کے بہترین مواقع حاصل ہیں تاہم گزشتہ دنوں امیزن ، گوگل ، فیس بک ، ٹورزم ڈپارٹمنٹ گورنمنٹ آف انڈیا ، میڈیکل ٹورزم میں بیسیوں طلبہ کے سیلیکش نے شعبۂ عربی کو ایک نئی جہت دی ہے، انھوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا نام روشن کریں ، جامعہ کو صاف ستھرا اور سر سبز بنانے میں تعاون کریں  ، ۲۳ عرب ممالک ایسے ہیں جن کے ساتھ ہمارے تعلیمی، ثقافتی، ٹیکنیکل ، اور علمی تعلقات ہیں ، اس لئے ہمیں وہاں موجود ملازمتوں کے مواقع کا استعمال کرنا چاہئے،آخر میں صدر شعبہ نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر اورنگ زیب اعظمی اور ڈاکٹر ھیفاء شاکری اور طلبہ ٔ و طالبات کا بطور خاص شکریہ ادا کیا ۔

شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی فریشر پارٹی میں سعودی کلچرل اتاشی کا والہانہ استقبال

 سعودی کلچرل اتاشی ڈاکٹر عبد اللہ صالح شتوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عربی زبان ایک خوبصورت زبان ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ہندوستان میں عربی زبان کو زبردست فروغ حاصل ہوا ہے ، عربی زبان بولنے میں دشواری ضرور ہوتی ہے لیکن سیکھ جانے پر لذت ملتی ہے ، شعبۂ عربی جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ہمارے تعلقات قدیم ہیں ، اور ہم اسے مضبوط تر بنانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ صدر مجلس اور پرو وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ پروفیسر شاہد اشرف نے اپنے خطاب میں فرمایا میرے لئے انتہائی خوشی کی بات ہے کہ اس پروگرام میں سعودی کلچرل اتاشی تشریف فرما ہیں، سعودی عرب نے عربی زبان کے فروغ میںزبردست کردار ادا کیا ہے ، مجھے یہ سن کر بھی خوشی ہوئی کہ عربی زبان کے طلبہ امیز ن گوگل ، ٹورزم اور میڈیکل ٹورزم میں ملازمتیںپا رہے ہیں ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ہندوستان کی سات سو یونیورسٹیز میں بارہواں مقام حاصل ہوا ، انھوں نے صدر شعبۂ عربی کی معاشیات پر لیکچر کی درخواست کو بھی قبول کیا۔

کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے سبجیکٹ ایسوسی ایشن کے ایڈوائزر ڈاکٹر اورنگ زیب اعظمی نے تمام مہمانوں اورر طلبۂ و اساتذہ کا شکریہ ادا کیا ، طلبہ کے وال میگزین کے اجراء کے لئے سعودی کلچرل اتاشی اور پرو وائس چانسلرجامعہ ملیہ اسلامیہ کو دعوت دی ، نیز انھوں نے شعبۂ عربی کے اساتذہ کی تالیف کردہ کتابیں مہمانوں کو بطور ہدیہ پیش کیں ۔پروگرام کے دوسرے سیشن کی صدارت پروفیسر خالد علی حامدی نے کی ، اس سیشن میں شعبہ کے قدیم طلبہ نے نئے طلبہ کا استقبال کیا ،اور ان کا تعارف حاصل کیا ،اس پروگرام میں ترانے ، نظمیں اور حاجی مکار کے عنوان سے ایک شاندار ڈرامہ پیش کیا گیا ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز