طلبا کی خفیہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا جامعہ کا مقصد : پروفیسر طلعت احمد

Aug 11, 2017 11:36 PM IST | Updated on: Aug 11, 2017 11:36 PM IST

نئی دہلی : جامعہ ہمیشہ سے ہی بچوں کے اندرتخلیقی صلاحیت کو پروان چڑھانے کے لئے مختلف طریقہ سے ہمت افزائی کرتا رہا ہے۔ مائی سویٹ ہوم کی شکل میں سمینہ مشرا اور شیرنادستور نے ایک اچھی کوشش کی ہے جس سے بچوں کے اندر ہمت پیداا ہوگی اور مستقبل میں وہ اس سے حوصلہ لیکر بہتر کارکردگی انجام دے سکیں گے۔ان خیالات کا اظہارجامعہ ملیہ اسلامیہ کے بچوں کی تخلیقات مائی سویٹ ہوم کے اجراء کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمدنے کیا۔ انھوں نے مزیدکہا کہ بچے سماج کا مستقبل ہیں اور آگے کی ذمہ داری انھیں کے کاندھوں پر پڑنے والی ہے اس لئے بچوں کی ہمت افزائی بے حد ضروری ہے- اسی لئے جامعہ اپنے قیام کے اولین دنوں سے ہی تعلیمی اور اس قسم کے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کرتا رہا ہے جس سے طلباء کی خفیہ صلاحیتیں بیدار ہو سکیں ۔ طلباء کو ایسے مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے۔

اس موقع پر ایک مذاکرہ کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں سمینہ مشرااورشیرنا دستور کے علاوہ پونم بترا اور ڈاکٹر سیدہ سیدین حمید نے شرکت کی۔ ڈاکٹر سیدہ نے کتاب کو سماج کا عکاس قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذریعہ صرف ایک عہد کو ہی سمجھنے میں مدد نہیں ملے گی بلکہ اس کے ذریعے معاشرہ اور حالات کے بدلتے ماحول کو سمجھنے میں آسانی ہوگی۔ دہلی یو نیورسٹی کے پرو فیسر پونم بترا نے کہا کہ یہ کتاب محض چھوٹے بچوں کی کہانی نہیں ہے بلکہ ان کی سوچ، فکر اور منزل کی تلاش کا پر تو ہے جس سے بچوں کی نفسیات اور ان کے داخلی اورخارجی حالات کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

طلبا کی خفیہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانا جامعہ کا مقصد : پروفیسر طلعت احمد

خیال رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے میر انیس ہال میں سمینہ مشرا اور شیرنا دستور کے ذریعہ ترتیب دی گئی کتاب مائی سویٹ ہوم کا آج اجراء عمل میں آیا۔ یہ کتاب جامعہ ملیہ اسلامیہ 2005 میں منعقدہ ایک ورک شاپ کا تکملہ تھی،جسے اسکول کے ننھے منے بچوں کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔ ورکشاپ میں بچوں سے کارٹون، کہانیاں اورپینٹنگس بنوائی گئی تھیں جس کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سمینہ مشرا اور شیرنا دستور نے ادارت کرکے شائع کا ہے۔ سمینہ مشرا دستاویزی فلم ہدایت کار جبکہ شیرنا دستور ایک معروف قلم کار ہیں ۔ پروگرام کی نظامت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ آوٹ ریچ پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مکیش رنجن نے انجام دی جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سوسائٹی کی جنرل سکریٹری پروفیسر باراں فاروقی اسکولی بچوں کے ساتھ موجود تھیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز