Live Results Assembly Elections 2018

جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان منافرت کے خاتمے پر زور

جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا ہے ۔

Sep 19, 2017 10:28 PM IST | Updated on: Sep 19, 2017 10:28 PM IST

سری نگر: جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ناخوشگوار حالات کا خمیازہ ریاست کے لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ محترمہ مفتی نے منگل کے روز شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے دور افتادہ علاقوں میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ملکوں کی قیادتوں سے اپیل کی کہ وہ سرحدوں پر امن برقرار رکھنے کے لئے کام کریں ۔

انہوں نے کہا کہ دشمنی کے اس ماحول کا سب سے برا اثر ریاست جموں و کشمیر کے لوگوں پر پڑتا ہے اور اس کی وجہ سے لوگ مارے جاتے ہیں اور لوگوں کو گھر چھوڑنا پڑتے ہیں اور دونوں اطراف جائیداد کو بھی نقصان پہنچتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں حالیہ ناخوشگوار ماحول کی وجہ سے کافی لوگوں کو ہجرت کرنا پڑی ہے جو اس وقت مشکل حالات میں زندگی گذار رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ ریاست اور دونوں جنوب ایشیائی ممالک کے درمیان امن خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ جب لوگوں کو اسکولوں ، اسپتالوں اور کھیل کے میدانوں کا مطالبہ کرنا چاہیے انہیں گولہ باری سے بچنے کے لئے بنکر تعمیر کرنے کا مطالبہ کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے ۔

جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان منافرت کے خاتمے پر زور

فائل فوٹو

انہوں نے کہا کہ یہ ایک لمحہ فکریہ ہے کہ پچھلے 70 برسوں کی منافرت سے لوگوں کو کیا حاصل ہوا ہے ۔ وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی نے دوستی کو ہی صحیح سمت میں ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن اور تعاون سے لوگوں کے لئے خوشحالی اور ترقی کے نئے راستے کھل سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بے مثال خوبصورتی اور قدرتی منازل کی بنا پر ٹیٹوال اور ٹنگڈار علاقوں کو اہم سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے مقامی اقتصادیات کو اُسی طرح بڑے پیمانے پر دوام حاصل ہو سکتا ہے جیسے لداخ سیاحت کو ملا ہے ۔

مقامی مطالبات کے تناظر میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سادنا پاس پر ایک ٹنل تعمیر کرنے کا معاملہ پہلے ہی مرکز کے ساتھ اٹھایا ہے تا کہ کپواڑہ اور ٹنگڈار کے درمیان پورے سال عبور و مرور ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پہاڑی طبقے کے لوگوں کو ایس ٹی کا درجہ دلانے کی سفارشات مرکز کو بھیج دی ہیں تا ہم وہ یہ معاملہ دوبارہ وزیر اعظم کے ساتھ اٹھائیں گی ۔ محبوبہ مفتی نے مقامی ہسپتال کو ایک ماڈل ہسپتال کے طور پر بڑھاوا دینے کا بھی اعلان کیا جس میں تمام تر جدید تشخیصی سہولیات دستیاب ہوں گی ۔

Loading...

وزیر اعلیٰ نے گریز اور کشتواڑ کے لئے ہوائی خدمات کی طرز پر ٹنگڈار کے لئے بھی ایک ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پی ڈی ڈی کا ایک خصوصی سب ڈویژن بھی قایم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر او کی طرف سے تعمیر ہو رہی سادھنا ۔ چھمب کوٹ سڑک پر ہو رہے کام میں تیزی لائی جائے گی اور گٹرا و نچیا سکولوں کو بڑھاوا دینے کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے علاقے کے لوگوں کو یقین دلایا کہ انہیں اس علاقے کے ساتھ ایک خاص لگاؤ ہے کیونکہ یہاں کے لوگوں کو قدرتی اور انسان کی طرف سے پیدا کئے گئے مشکل حالات میں زندگی گذارنا پڑتی ہے ۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز