جموں و کشمیر: کپواڑہ میں مسلح تصادم، 2 جنگجو ہلاک

مہلوک جنگجوؤں میں مبینہ طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا سابق ریسرچ اسکالر منان وانی بھی شامل ہے

Oct 11, 2018 02:05 PM IST | Updated on: Oct 11, 2018 02:21 PM IST

شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے شاٹ گنڈ ہندواڑہ میں جمعرات کو ہونے والے مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مہلوک جنگجوؤں میں مبینہ طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا سابق ریسرچ اسکالر منان وانی بھی شامل ہے۔ مسلح تصادم کے علاقہ میں مقامی نوجوانوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر ضلع کپواڑہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ وادی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کو تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل رہا۔

ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ’ہندواڑہ مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ شناخت کا عمل جاری ہے‘۔ سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شاٹ گنڈ ہندواڑہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ طرفین کے مابین مسلح تصادم رات کے اڑھائی بجے شروع کر دوپہر کے بارہ بجے تک جاری رہا۔

جموں و کشمیر: کپواڑہ میں مسلح تصادم، 2 جنگجو ہلاک

فائل تصویر

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ شاٹ گنڈ میں مسلح تصادم کے دوران مقامی نوجوانوں نے سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی غرض سے فورسز پر پتھراؤ کیا۔ سیکورٹی فورسز نے پتھراؤ کے مرتکب احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے۔ طرفین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ اس دوران ہندواڑہ میں مسلح تصادم کے پیش نظر وادی کے مختلف حصوں بالخصوص شمالی کشمیر کے تعلیمی اداروں میں جمعرات کو درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں متعلقہ ضلع مجسٹریٹوں کے احکامات پر جمعرات کو تمام تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔ ضلع بارہمولہ میں ہائر سکینڈری اسکولوں اور کالجوں میں معمول کی پڑھائی کا عمل معطل رہا۔ اسی طرح جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں واقع اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سری نگر کے ڈگری کالجوں اور بعد ہائر سکینڈری اسکولوں میں درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔

یو این آئی .ظ

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز