Live Results Assembly Elections 2018

جموں وکشمیر اسمبلی میں مہاجر کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کے حق میں قرارداد منظور

جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے جمعرات کو مہاجر کشمیری پنڈتوں کی باعزت گھر واپسی (کشمیر واپسی) کے حق میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی

Jan 19, 2017 10:49 PM IST | Updated on: Jan 19, 2017 10:49 PM IST

جموں: جموں وکشمیر کی قانون ساز اسمبلی نے جمعرات کو مہاجر کشمیری پنڈتوں کی باعزت گھر واپسی (کشمیر واپسی) کے حق میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی ۔ جمعرات کی صبح جوں ہی ایوان کی کاروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن کے قائد عمر عبداللہ نے کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کا معاملہ اٹھایا۔ مسٹر عبداللہ نے ایوان میں بولتے ہوئے کہا ’پنڈتوں کو کشمیر سے ہجرت کئے ہوئے 27 برس گذر چکے ہیں۔ اُن کی باعزت وطن واپسی کے لئے ماحول پیدا کیا جانا چاہیے۔

عمر عبداللہ جو کہ ریاست کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر بھی ہیں، نے کہا کہ میں معزز اسپیکر سے گذارش کرتا ہوں کہ ہمیں سیاست سے اوپر اٹھ کر کشمیری پنڈتوں کی وطن واپسی پر ایک قرارداد لانی چاہیے اور اس مسئلے پر بحث کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈتوں کے ساتھ ساتھ کچھ سکھ اور مسلم کنبوں نے بھی وادی سے ہجرت کی تھی اور انہیں بھی واپس اپنے گھروں کو آنا چاہیے۔

جموں وکشمیر اسمبلی میں مہاجر کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کے حق میں قرارداد منظور

فائل فوٹو

ریاستی وزیر عبدالرحمان ویری نے عمر عبداللہ کی اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس سے اتفاق کیا۔ وقفہ سوالات ختم ہونے کے بعد ایوان نے متفقہ طور پر کشمیری پنڈتوں کی وطن واپسی کے لئے ایک قرارداد منظور کی۔ ایوان میں صرف آزاد ممبر اسمبلی انجینئر شیخ عبدالرشید نے اس قرارداد پر اپنا اعتراض ظاہر کیا۔

اس دوران بی جے پی کے اراکین ست شرما و رویندر رینا کی انجینئر رشید سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔ کچھ پنڈت تنظیمیں 19 جنوری کو ہولوکاسٹ ڈے کے بطور مناتی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ 1990 میں انہیں آج ہی کے دن وادی بدر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

Loading...

خیال رہے کہ وادی میں 1990 ء میں مسلح شورش شروع ہونے کے ساتھ ہی پنڈت کی ہجرت کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔ جہاں پنڈتوں کا الزام ہے کہ انہیں مسلح بندوق برداروں نے ہجرت کرنے پر مجبور کیا تھا، وہیں کشمیری مسلمانوں کا کہنا ہے کہ پنڈتوں کو ایک سازش کے تحت وادی سے نکالا گیا تھا جس کا مقصد کشمیری مسلمانوں کو بدنام کرنا تھا۔ علیحدگی پسند تنظیموں پنڈتوں کی گھر واپسی کے حق میں ہیں۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز