جموں و کشمیر پولیس کی اپیل ، تشدد سے کچھ نہیں ہوگا ، بھٹکے ہوئے بچوں کو عید پر گھر آنے کیلئے کہیں والدین

Jun 14, 2018 07:22 PM IST | Updated on: Jun 14, 2018 07:22 PM IST

سری نگر: جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے اہلیان جموں و کشمیر کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیر میں اسلحہ اٹھانے والے نوجوانوں کے والدین سے کہا کہ وہ عید کے موقع پر اپنے بچوں سے واپس آنے کی اپیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کا راستہ اختیار کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ پولیس سربراہ نے یہ باتیں اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہیں۔

جموں وکشمیر پولیس نے یہ ویڈیو اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ڈی جی پی ایس پی وید عیدالفطر کے مبارک موقع پر لوگوں، پولیس شہداء کے کنبوں اور سیکورٹی فورس اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تہوار کے موقع پر اپنے بچوں کو واپس بلائیں‘۔

جموں و کشمیر پولیس کی اپیل ، تشدد سے کچھ نہیں ہوگا ، بھٹکے ہوئے بچوں کو عید پر گھر آنے کیلئے کہیں والدین

ویڈیو میں ڈاکٹر وید کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ یہ ماں باپ کے لئے سوچنے کا ایک موقع ہے۔ وہ ماں باپ جن کے بچے بھٹک گئے ہیں۔ جنہوں نے غلط راستہ چن لیا ہے۔ جنہوں نے تشدد کا راستہ چن لیا ہے، ان کو اس وقت سوچنا چاہیے کہ تشدد کے راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ ماں باپ اپنے بھٹکے ہوئے بچوں کو عید کے موقع پر واپس بلائیں اور مل جل کر عید منائیں۔ ایک اچھی زندگی گذر بسر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، یہ میری سب سے اپیل ہے‘۔

بتادیں کہ پولیس سربراہ کشمیر میں مختلف دہشت گرد گروپوں میں شامل ہوچکے مقامی نوجوانوں کے والدین سے مسلسل اپیل کرتے آئے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو واپس بلائیں۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران والدین کی اپیل پر تقریبا ڈیڑھ درجن نوجوان اپنے گھروں کو واپس آچکے ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز