راجوری : کنٹرول لائن کے نزدیکی علاقوں میں دو روز سے تلاشی آپریشن جاری

۔ان آپریشن سے مقامی لوگوں میں کافی خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ معمولات زندگی بھی کافی حد تک متاثرہوکر رہ گئی ہے

Sep 11, 2018 11:26 PM IST | Updated on: Sep 11, 2018 11:26 PM IST

صوبہ جموں کے سرحدی ضلع راجوری میں حدمتارکہ پر پچھلے دو روز سے سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری رکھا ہوا ہے جس سے علاقہ کے لوگوں میں کافی خوف وہراس کا ماحول ہے۔ذرائع نے بتایاکہ نوشہرہ سیکٹرکے لمبیڑی اور گردو نواح کے علاقوں میں منگل کو لگاتار دوسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا۔ پیر کے روز فوج کو جموں وپونچھ شاہراہ کے نزدیک لمبیڑی اور اس کے مضافات میں مشکوک افراد کی نقل وحمل کی اطلاعات  ملی تھیں جس پر فوج، پولیس نے مشترکہ طور کارروائی شروع کی ، کئی گھنٹوں تک جاری رہی اس تلاشی کارروائی کو پیر کے روز شام دیرگئے بند کر دیاگیاتھا لیکن منگل کو صبح پھر آپریشن شروع کیاگیا۔

دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کو یہاں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاعات ملی ہیں، جس کے بعد تلاشی کارروائیاں شروع کی گئیں۔ یہاں نہ صرف رہائشی علاقوں بلکہ کھیتوں ، کھلیانوں اور باغوں کی بھی باریک بینی سے تلاشی لی گئی ہے۔ فوج کو خدشہ ہے کہ علاقے کے گھنے جنگلات میں کئی جنگجو چھپے ہیں۔ لہٰذا ان کی فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو سیل کر دیا اور وہاں ممکنہ طور موجود مزید جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔آخری اطلاعات ملنے تک آپریشن جاری تھا۔

راجوری : کنٹرول لائن کے نزدیکی علاقوں میں دو روز سے تلاشی آپریشن جاری

فائل فوٹو

پچھلے چند ماہ کے دوران راجوری میں کنٹرول لائن کے نزدیکی علاقوں میں کئی مرتبہ اسی طرح بڑے پیمانے پر فوج، سی آر پی ایف، پولیس وغیرہ نے مشترکہ طور تلاشی آپریشن چلائے لیکن ہاتھ کچھ بھی نہ آیا۔ان آپریشن سے مقامی لوگوں میں کافی خوف کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ معمولات زندگی بھی کافی حد تک متاثرہوکر رہ گئی ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز