Live Results Assembly Elections 2018

کشمیر: دنیشور شرما کے دورہ سے قبل سنگ بازوں کیلئے عام معافی کا اعلان، 4500 نوجوانوں کو ملے گی راحت

جموں وکشمیر میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)مخلوط حکومت نے وادی میں نوجوانوں کے دل جیتنے کے لئے سنگ بازوں کو عام معافی دینے کا اعلان کردیا ہے۔

Nov 23, 2017 05:33 PM IST | Updated on: Nov 23, 2017 05:33 PM IST

سری نگر/نئی دہلی: جموں وکشمیر میں محبوبہ مفتی کی قیادت والی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)مخلوط حکومت نے وادی میں نوجوانوں کے دل جیتنے کے لئے سنگ بازوں کو عام معافی دینے کا اعلان کردیا ہے۔ تاہم یہ ’عام معافی‘ یا ’ایمنسٹی‘ صرف ایسے سنگ بازوں کے لئے ہیں جن کے خلاف پولیس تھانوں میں ایک سے زیادہ مرتبہ ایف آئی آردرج نہیں ہوئی ہے۔ اس عام معافی کے تحت سنگ بازی کی وجہ سے پہلی بار جیل جانے والے نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لے لی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ سنگ بازوں کو عام معافی دینے کا اعلان مرکزی سرکار کے ’کشمیر نمائندے‘ دنیشور شرما کی سفارش پر کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے عام معافی کا اعلان گذشتہ رات مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔ انہوں نے کہا ’سنگ بازی کا پہلی بار ارتکاب کرنے والے نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آر کی واپسی کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے سے مجھے انتہائی اطمینان مل گیا ہے۔ میری حکومت نے یہ عمل مئی 2016 میں شروع کیا تھا۔ لیکن بدقسمتی سے گذشتہ برس کی بدامنی کی وجہ سے یہ سلسلہ رک گیا تھا‘۔ محترمہ مفتی نے کہا ’اعتماد سازی کے اس اقدام سے مرکزی حکومت کے جموں وکشمیر میں بیانیہ کو بدلنے اور پائیدار مذاکرات کے لئے مفاہمتی ماحول پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ ہوا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’یہ حوصلہ افزا ہے کہ مذاکرات کار (دنیشور شرما) نے اپنا کام مثبت انداز میں شروع کیا ہے۔ ان کی سفارشات کو دونوں مرکزی اور ریاستی حکومت سنجیدگی سے لے رہی ہیں‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایف آئی آرز کی واپسی سے نوجوانوں کو اپنی زندگیاں سنوارنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا ’یہ اقدام جواں سال نوجوانوں اور ان کے کنبوں کے لئے امید کی کرن ہے۔ اس سے انہیں اپنی زندگی دوبارہ سنوارنے کا موقع فراہم ہوگا‘۔

کشمیر: دنیشور شرما کے دورہ سے قبل سنگ بازوں کیلئے عام معافی کا اعلان، 4500 نوجوانوں کو ملے گی راحت

دنیش شرما کی سفارش پر کیا گیا اعلان

باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دنیشور شرما نے گذشتہ ہفتے قومی راجدھانی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو جو ابتدائی رپورٹ سپردکی، اس میں دیگر متعدد سفارشات کے ساتھ ساتھ سنگ بازوں کو عام معافی دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا ’اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت سے کہا کہ سنگ بازی کی وجہ سے پہلی بار جیل جانے والے نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لے لی جائیں‘۔

Loading...

ہزاروں ایف آئی آرز ہیں درج

ذرائع نے بتایا کہ اس پالیسی سے قریب 4500 نوجوانوں کو راحت ملے گی۔ انہوں نے بتایا ’اگرچہ کشمیر میں سنگ بازی کے واقعات کے سلسلے میں ہزاروں ایف آئی آرز درج ہیں، تاہم اس ایمنسٹی سے سنگ بازی کا پہلی بار ارتکاب کرنے والے نوجوانوں کو راحت ملے گی‘۔ انہوں نے بتایا کہ ایمنسٹی پالیسی پر عمل درآمد سے قبل تمام ایجنسیوں بشمول سیکورٹی فورس اداروں کے عہدیداران کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ایمنسٹی کا اعلان مذاکرات کار دنیشور شرما کے دوسرے دورہ کشمیر سے محض تین روزہ قبل کیا گیا۔

Dineshwar-Sharma-875

دنیشور شرما 26 نومبر کو پھر پہنچیں گے کشمیر

ذرائع نے بتایا کہ دنیشور شرما مذاکرات کے دوسرے مرحلے کا آغاز 24 نومبر کو جموں سے کریں گے۔ وہ 26 نومبر سے کشمیر میں رہیں گے اور قیام کے دوران جنوبی کشمیر کا دورہ کریں گے‘۔ کشمیر کے معاملات پر گہری نگاہ رکھنے والے تجزیہ کاروں کے مطابق ’سنگبازوں کے لئے عام معافی کا اعلان مذاکرات کار کے دورہ کشمیر سے محض تین روزہ قبل کرنے سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی سرکار کشمیریوں کا دنیشور شرما پر بھروسہ قائم کرانا چاہتی ہے‘۔

نوجوانوں کی ناراضگی دور کرنے پر ہے پورا زور

انہوں نے بتایا ’دنیشور جی کشمیر کی صورتحال سے پوری طرح سے وقف ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ کشمیر میں سب سے زیادہ ناراض یہاں کا نوجوان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنی زیادہ تر توجہات نوجوانوں پر مرکوز کردی ہیں‘۔ دنیشور شرما کا کہنا ہے ’یہ تو صرف شروعات ہے۔ میں نے کشمیر میں لوگوں سے ملنے کے بعد سفارشات پر مبنی ایک رپورٹ تیار کی اور حکومت نے اس پر غور کرنا شروع کردیا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’میری بھاگ دوڑ کا مقصد یہ جاننا ہے کہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔ اسی کے عین مطابق میں اپنی سفارشات پیش کروں گا‘۔

Omar abdullah

پہلے بھی کیا جاچکاہے عام معافی کا اعلان

تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی حکومت نے سنگ بازوں کے لئے عام معافی کا اعلان کردیا۔ اگست 2011 ء میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی سنگبازوں کے لئے عام معافی کا اعلان کیا تھا۔ اس ایمنسٹی کے تحت سنگ بازی کے قریب 1200 مقدمات میں سینکڑوں نوجوانوں کے ایف آئی آر واپس لے لی گئی تھیں۔ ان میں سے بیشتر نوجوان ایسے تھے جن کے خلاف ایف آئی آر 2010 ء کی ایجی ٹیشن کے دوران درج کی گئی تھیں۔عمر عبداللہ نے اس ایمنسٹی کا اعلان عیدالفطر سے محض کچھ دن پہلے کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ مرکزی سرکار نے گذشتہ ماہ دنیشور شرما کو ’مسئلہ کشمیر‘ کے فریقین سے بات چیت کی ذمہ داری سونپ دی۔ اس سے پہلے مرکز میں یو پی اے سرکار نے ’کشمیر‘ پر بات چیت کے لئے تین مذاکرات کاروں دلیپ پڈگاونکر، رادھا کمار اور ایم ایم انصاری کو تعینات کیا تھا۔ اگرچہ انہوں نے اپنی سفارشات پر مبنی ایک تفصیلی رپورٹ وزیر داخلہ میں پیش کی تھی، تاہم قریب 6 سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ان سفارشات پر کوئی عمل درآمد نہیں ہوا ہے۔

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز