جموں و کشمیر : علاحدگی پسند لیڈروں کا جمعۃ الوداع کو یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان

Jun 21, 2017 07:02 PM IST | Updated on: Jun 21, 2017 07:02 PM IST

سری نگر : کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جمعۃ الوداع کو حسب سابق امسال بھی یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز کشمیر کی تمام مساجد ، خانقاہوں اور امام باڑوں میں قبلہ اول ، بیت المقدس کی بازیابی کے حق میں اور فلسطینی عوام پر ہو رہے مظالم اور کشمیری عوام کے تئیں ہندوستان کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جائے گا اور اس ضمن میں مشترکہ قیادت کی جانب سے ایک قرارداد تمام اجتماعات میں عوام کی تائید و حمایت کے لئے پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے جائز حق کے حصول کے لئے برسر جدوجہد ہیں وہیں کشمیری عوام بھی تحریک حق خودارادیت میں گزشتہ 7 دہائیوں سے بے پناہ جانی و مالی قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔ علیحدگی پسند قائدین نے ان دونوں سلگتے مسائل کے حل کے تئیں عالمی برادری کی بے حسی کو حد درجہ افوسناک قرار دیا۔

جموں و کشمیر : علاحدگی پسند لیڈروں کا جمعۃ الوداع کو یوم قدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کا اعلان

تصویر: دی ہندو

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین میں بڑی حد تک مماثلت ہے اور مسئلہ فلسطین جہاں پورے مشرق وسطیٰ کے امن کے لئے خطرات کا باعث بنا ہوا ہے وہیں مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیائی خطے کے دائمی امن اور استحکام کے لئے سب سے بڑا چیلنج ہے۔روزانہ انسانی خون بہہ رہا ہے حقوق انسانی کی پامالیاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ ، او آئی سی اور دیگر عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دونوں انسانی مسئلوں کے حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز