بچوں کی آبرو ریزی اور ان کا جنسی استحصال اخلاقی وبا ، ملک کے لئے انتہائی بدقسمتی کی بات :کیلاش ستیارتھی

Sep 11, 2017 07:36 PM IST | Updated on: Sep 11, 2017 07:36 PM IST

کنیا کماری : بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والے نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کے رضاکار کیلاش ستیارتھی نے آج یہاں کہا کہ بچوں کی آبرو ریزی اور ان کا جنسی استحصال 'اخلاقی وبا بن گیا ہے جو ملک کے لئے انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ مسٹر کیلاش ستیارتھی نے بچوں کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے سلسلے میں بیداری پھیلانے کے مقصد سے اپنے مشن 'بھارت یاترا کا آج یہاں آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہم طویل عرصے تک خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے۔ کیونکہ ہماری خاموشی کے ساتھ ہی بچوں کی جنسی ہراسانی مزید بڑھ جائے گی۔ اسی وجہ سے ہماری بھارت یاترا بچوں کی آبروریزی، اسمگلنگ اور ان کے جنسی استحصال کے خلاف جنگ کا آغاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم یہ اعلان کرتے ہیں کہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کو خوف کے سائے میں نہیں رہنے دیں گے اور بچوں کی آبروریزی و استحصال کے مجرموں کو بے خوف اور آزاد نہیں گھومنے دیں گے۔ میں اس حقیقت کو قبول کرنے سے انکار کرتا ہوں کہ آٹھ بچے ہر روز غائب ہو جائے اور ہر گھنٹہ دو بچوں کی آبروریزی کی جائے۔

بچوں کی آبرو ریزی اور ان کا جنسی استحصال اخلاقی وبا ، ملک کے لئے انتہائی بدقسمتی کی بات :کیلاش ستیارتھی

مسٹر کیلاش ستیارتھی نے کہا کہ جب بچہ خطرے میں ہے تو گویا پوری دنیا خطرے میں ہے۔ بھارت یاترا ملک کو بچوں کے لئے پھر سے محفوظ بنانے کے ارادے سے شروع کی جارہی ہے۔ یہ مشن ایک جنگ ہے، ہندوستانی روح کی اخلاقی بلندی کو دوبارہ حاصل کرنے کی جنگ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بچوں کے تحفظ کے لئے منعقد ہ مارچ میں حصہ لیں۔

مسٹر کیلاش ستیارتھی کی 'بھارت یاترا کو كنياكمار لوک سبھا سیٹ سے رکن پارلیمنٹ اور مالیات کے وزیر مملکت پون رادھا کرشنن کی موجودگی میں وویکانند راک میموریل سے ہری جھنڈی دکھائی گئی۔ اس یاترا میں دس ہزار بچے مسٹر ستیارتی کی قیادت میں حصہ لے رہے ہیں۔ ملک کی 22 ریاستوں سے گزرنے والی اس یاترا کا اختتام 16 اکتوبر کو دہلی میں ہوگا۔

مسٹر رادھا کرشنن نے کہا کہ مرکزی حکومت بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کو روکنے کے لئے بیداری مہم چلانے جیسے بہت سے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس یاترا کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس طرح کی برائیوں کو مٹانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اس موقع پر مسٹر مودی کا ایک پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز