مودی کی ماں سے ملاقات پر کیجریوال کا طنز، کہا، گھر بڑا ہے، تھوڑا سا دل بھی بڑا کیجئے

Jan 10, 2017 04:01 PM IST | Updated on: Jan 10, 2017 04:59 PM IST

نئی دہلی۔  دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی ماں سے ملاقات کے سلسلے میں کئے گئے ٹویٹس پر نشانہ لگاتے ہوئے اس کی آڑ میں سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے۔ مودی گجرات کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے آج صبح ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا "آج ماں سے ملاقات کرنی تھی اس لئے یوگا نہیں کیا۔ صبح ہونے سے پہلے ماں کے ساتھ ناشتہ بھی کیا۔ ان کے ساتھ وقت گزار کر بہت اچھا لگا‘‘۔  مودی کی اس ٹویٹ پر تنقید کرتے ہوئے  کیجریوال نے ٹوئٹر کے ذریعہ وزیر اعظم پر ماں کی آڑ میں سیاست کرنے کا الزام لگایا۔  کیجریوال نے لکھا ’’ مودی کو اپنا دل بڑا کرنا چاہیے اور اپنی والدہ و اہلیہ کو اپنے ساتھ ہی رکھنا چاہیے۔ وزیر اعظم، والدہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تشہیر کررہے ہیں۔ "

وزیر اعلی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ’’میں اپنی ماں کے ساتھ رہتا ہوں۔ ان کی دعائیں لیتا هوں لیکن اس کی تشہیر نہیں کرتا۔ میں ماں کو سیاست کے لئے بینک کی لائن میں بھی نہیں لگاتا‘‘۔ واضح رہے کہ  مودی کی بزرگ والدہ ہیرا بین نوٹ بندی کے وقت گاندھی نگر میں واقع ایک بینک سے روپے نکالنے وہیل چيئر سے پہنچی تھیں۔ اس وقت اپوزیشن نے مسٹر مودی کی تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ماں سے منسلک جذباتیت کی آڑ میں سیاست کی جا رہی ہے۔

مودی کی ماں سے ملاقات پر کیجریوال کا طنز، کہا، گھر بڑا ہے، تھوڑا سا دل بھی بڑا کیجئے

فائل فوٹو: تصویر، رائٹرز

وزیر اعلی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا "ہندو مذہب اورہندوستانی ثقافت کے مطابق آپ کو اپنی ضعیف والدہ اور اپنی شریک حیات کو ساتھ رکھنا چاہیے۔ وزیر اعظم کی رہائش گاہ بہت بڑی ہے، تھوڑا سا دل بھی بڑا کیجئے‘‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز