گذشتہ 35 برسوں سے اردو کے تحقیقی اورتنقیدی ادب میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں علی احمد فاطمی

Sep 14, 2017 11:33 PM IST | Updated on: Sep 14, 2017 11:33 PM IST

الہ آباد :ملک میں اردو کے ایسے ادیبوں کی تعداد بہت کم ہے ، جو مختلف موضوعات پر یکساں دسترس رکھتے ہوں ۔ پرو فیسر علی احمد فاطمی اردو ادب میں ایک ایسا نام ہے ، جس نے ادب کے مختلف اصناف پر کتابیں لکھنے کے علاوہ سیاست اور تاریخ پر بھی گراں قدر کتابیں تصنیف کی ہیں ۔ پروفیسرعلی احمد فاطمی کی اب تک ایک درجن سے بھی زائد کتابیں منظرعام پرآ چکی ہیں ۔

ترقی پسند مصنفین کی صف میں ایک نمایاں نام رکھنے والے پرو فیسر علی احمد فاطمی گذشتہ 35 برسوں سے اردو کے تحقیقی اور تنقیدی ادب میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں ۔علی احمد فاطمی کی کتابوں میں ’ پریم چند نئے تناظر میں‘ ’اقبال اور الہ آباد‘ ’فراق گورکھپوری شاعر اور دانشور‘ ’فیض ایک نیا مطالعہ‘ ’سید احتشام حسین ذکر و فکر‘ ’سجاد ظہیر ایک تاریخ ایک تحریک‘ ’علی سردار جعفری اورتخلیقی جہات‘ ’کامریڈ منٹو اور ترقی پسند تحریک سفر در سفر‘ شامل ہیں ، جس نے اردو کےادبی سرمائے میں اہم اضافہ کیا ہے ۔

گذشتہ 35 برسوں سے اردو کے تحقیقی اورتنقیدی ادب میں اپنی گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں علی احمد فاطمی

یوں تو پروفیسرعلی احمد فاطمی کی تما م کتابیں ادبی حلقوں میں کافی پذیرائی حاصل کر چکی ہیں ۔ تاہم ان میں’’ اقبال اور الہ آباد ‘‘کو ایک خاص شہرت حاصل ہوئی ہے ۔ علی احمد فاطمی نے اپنی اس کتاب میں اقبال کے سیاسی نظریے پر تفصیلی اورمعروضی بحث کی ہے ۔ پروفیسرعلی احمد فاطمی نے اپنی اس کتاب میں تاریخی دلائل سے یہ ثابت کیا ہے کہ اقبال کا مشہور’’ خطبہ الہ آباد ‘‘میں دو قومی نظریہ جیسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نےاس تاثرکو بھی غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ اقبال بانیان پاکستان میں سے تھے۔

پرو فیسرعلی احمد فاطمی کا شمار اردو کے عالمی ادیبوں میں ہونے لگا ہے ۔ گزشتہ کئی برسوں سے بیرون ملک ہونے والے اردو کے تمام بڑے جلسوں میں پروفیسر فاطمی ہندوستان کی نمائندگی کرتے آ رہے ہیں ۔ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں اب تک درجنوں اعزاز مل چکے ہیں ، لیکن پروفیسر علی احمد فاطمی کا ادبی اور تحقیقی سفر ابھی جاری ہے ۔ اس وقت کئی اہم موضوعات پر ان کی کتابیں تکمیل کے مراحل سے گزر رہی ہیں اور جلد ہی یہ منظر عام پر ہوں گی ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز