اترپردیش اسمبلی انتخابات کے بعد شروع ہوگی وزیر اعظم مودی کی الٹی گنتی : لالو

آج کل انتخابی جلسوں میں مسٹر مودی کی مایوسی صاف نظر آرہی ہے جہاں وہ اپوزیشن رہنماؤں اور پارٹیوں کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کررہے ہیں لوگ بی جے پی اور مسٹر مودی کو مسترد کرچکے ہیں

Feb 22, 2017 07:30 PM IST | Updated on: Feb 22, 2017 07:30 PM IST

لکھنو: راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور بہا ر کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ اترپردیش اسمبلی الیکشن کے بعد نریندر مودی سرکار کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی۔ مسٹر یادو نے کہا کہ آج کل انتخابی جلسوں میں مسٹر مودی کی مایوسی صاف نظر آرہی ہے جہاں وہ اپوزیشن رہنماؤں اور پارٹیوں کے خلاف غیر مہذب زبان استعمال کررہے ہیں لوگ بی جے پی اور مسٹر مودی کو مسترد کرچکے ہیں اور 2019 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن میں مودی عہد کا خاتمہ ہوجائے گا۔

ریاستی اسمبلی چناؤ میں سماجوادی امیدواروں کی حمایت میں کچھ حلقوں میں انتخابی تشہیر میں لگے مسٹر یادو نے کہا ’ایک سیکولر جمہوری ملک کو ملک ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کے بی جے پی کے نظریہ کو کیسے قبول کیا جاسکتا ہے،۔ عوام سماجوادی ، کانگریس اتحاد کو بڑے پیمانہ پر حمایت دے رہی ہے اور اتحاد کو قریب 325 سیٹیں مل رہی ہیں۔ یہ دریافت کئے جانے پر کہ 2019 کے لوک سبھا الیکشن میں مسٹر مودی کے خلاف متحد اپوزیشن کا رہنما کون ہوگا انہوں نے کہا کہ اترپردیش اسمبلی چناؤ کے بعد اس بارے میں خوش اسلوبی سے فیصلہ کیا جائے گا۔

اترپردیش اسمبلی انتخابات کے بعد شروع ہوگی وزیر اعظم مودی کی الٹی گنتی : لالو

آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ ’’ مسٹر مودی کے خلاف اپوزیشن لیڈر کے معاملہ پر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ لالو اور نتیش پہلے ایک دوسرے کے حریف تھے لیکن فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کے لئے انہوں نے ہاتھ ملالئے۔ یہ اس وقت کے حالات پر منحصر کرے گا کہ مسٹر مودی کے خلاف اپوزیشن کا لیڈر کون ہوگا۔

بی جے پی پر اٹل بہاری واجپئی ، لال کرشن اڈوانی اور ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی جیسے اپنے لیڈروں کو فراموش کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی نے پارٹی پر قبضہ جمانے کے لئے بی جے پی کے اصلی چہروں کو ہمیشہ درکنار کیا ۔ انہوں نے مسٹر باجپئی کی بیماری اور انہیں دی جارہی دواؤں کے بارے میں جانچ کئے جانے کی بھی مانگ کی۔

سماجوادی کنبہ کے تنازعہ کو لے کر پارٹی کے راجیہ سبھا رکن امرسنگھ کی طرف سے کل دیئے گئے یہاں کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا امرسنگھ بہت جلد پاگل ہوجائے گا ۔ اس نے جیہ بچن کے خلاف توہین آمیز بیان دیا اور سماجوادی پارٹی میں ہوئے جھگڑے میں بھی اس کا ہاتھ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مسٹر امرسنگھ نے کل سماجوادی کنبہ کے درمیان تنازعہ کو بہترین ڈھنگ سے لکھا ڈرامہ بتایا تھا۔ مسٹر لالو پرساد یادو سماجوادی کنبہ کے قریبی رشتہ دار ہیں اور انکی سب سے چھوٹی بیٹی راج لکشمی کی شادی مسٹر ملائم سنگھ کے پوتے تیج پرتاپ سے ہوئی ہے جو مین پوری سے ممبر پارلیمنٹ ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز