بی ایس ایف جوان رمیز احمد کے قتل کے پیچھے لشکر طیبہ کمانڈر محمود کا ہاتھ ، جموں وکشمیر پولیس کا دعوی

Sep 28, 2017 03:57 PM IST | Updated on: Sep 28, 2017 03:58 PM IST

سری نگر: جموں وکشمیر پولیس نے کہا ہے کہ شمالی ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکار رمیز احمد پرے کا قتل لشکر طیبہ سے وابستہ دہشت گردوں نے انجام دیا ہے۔ شمالی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نتیش کمار نے جمعرات کی صبح بارہمولہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس ایف کانسٹیبل رمیز احمد کو لشکر طیبہ کمانڈر محمود بھائی اور اس کے ساتھیوں نے قتل کیا ہے۔

خیال رہے کہ مشتبہ جنگجوؤں کے ایک گروپ نے گذشتہ رات حاجن میں بی ایس ایف کانسٹیبل کے گھر میں داخل ہوکر اسے ہلاک جبکہ اس کے چار افراد خانہ کو زخمی کردیا۔ راجستھان میں تعینات رمیز احمد چھٹی پر اپنے گھر آیا ہوا تھا۔ نتیش کمار نے رمیز احمد کے قتل میں لشکر طیبہ کے ملوث ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ’بی ایس کانسٹیبل رمیز پرے کو اپنے گھر کے اندر مارا گیا۔ وہ چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے رمیز کے والد اور دیگر تین رشتہ دار شدید طور پر زخمی ہوگئے ہیں‘۔ انہوں نے کہا ’لشکر طیبہ کمانڈر محمود بھائی نے رمیز کو قتل کیا ہے۔ اس کے ساتھ مزید کچھ دہشت گرد بھی تھے‘۔

بی ایس ایف جوان رمیز احمد کے قتل کے پیچھے لشکر طیبہ کمانڈر محمود کا ہاتھ ، جموں وکشمیر پولیس کا دعوی

بی ایس ایف اہلکار رمیز احمد ۔ فائل فوٹو

دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر نے رمیز پرے کی ہلاکت کو ’مکروہ فعل‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں لکھا ’یہ ایک خوفناک واقعہ ہے۔ یہ مکروہ فعل ہے۔ میری دلی ہمدردیاں رمیز پرے کے کنبے کے ساتھ ہیں۔ امید کرتا ہوں کہ زخمی افراد بہت جلد صحت یاب ہوں گے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چار مشتبہ جنگجوؤں پر مشتمل ایک گروپ گذشتہ رات حاجن میں رمیز پرے کے گھر میں داخل ہوا۔ انہوں نے بتایا ’جب جنگجوؤں نے رمیز کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی تو اس کے افراد خانہ نے مزاحمت کی‘۔

ذرائع نے بتایا ’اس کے بعد جنگجوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پرے کی موقع پر موت واقع ہوئی جبکہ اس کے کنبے کے چار اراکین زخمی ہوگئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ سبھی زخمیوں کو سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ایک خاتون کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ جنگجو فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز