مسلسل 30منٹ کی ورزش بہتر صحت کی ضامن ، جامعہ اسلامیہ سنابل میں حکیم عبدالحنان سلفی کا خطاب

Aug 10, 2017 10:47 PM IST | Updated on: Aug 10, 2017 10:47 PM IST

نئی دہلی: یہ حقیقت ہے کہ تندرستی ہزار نعمت ہے اس سے انکار خسارہ ہی خسارہ ہے،ماحولیات اورصحت کے تعلق سے بے توجہی نت نئی بیماریوں کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔موضوع کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے نادی الطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل کے شعبہ ثقافت کے زیر اہتمام ’’حفظان صحت کے بنیاد ی اصول ‘‘کے موضوع پر ۹؍اگست بروز بدھ بعد صلاۃ مغرب جامع مسجد عمر بن خطاب جامعہ اسلامیہ سنابل میںجناب حکیم عبدالحنان سلفی رکن ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی وسابق ڈپٹی ڈائریکٹر سنٹرل کونسل سروسز ان یونانی میڈیسن ،دہلی کے ایک اہم محاضرہ کا اہتمام کیاگیا ۔پروگرام کا آغاز نورعالم زین الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔اس کے بعد مشرف نادی الطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل مولانا فضل الرحمن ندوی صاحب نے سامعین کے سامنے محاضر محترم کا مختصر تعارف پیش کیا۔جس کے معاًبعد محاضر محترم نے ’’حفظان صحت کے بنیادی اصول ‘‘کے موضوع پرطلبہ کے سامنے اپنا مدلل ومفصل اورمفید محاضرہ پیش کیا۔

محاضر محترم نے نظام جسمانی کے تعلق سے تمہیدی گفتگو کرنے کے بعد بتایا کہ بہتر صحت کے لئے جہاں پانی،ہوا،ماکولات ومشروبات کا صاف ستھرا اورصحت بخش ہونا ضروری ہے وہیں جسمانی حرکت وسکون اورورزش بھی بہت ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ صحت مند رہنے کے لئے روزانہ کم از کم تیس منٹ کی مسلسل ورزش بے حدضروری ہے۔مزید انہوںنے کہا کہ انسان کو اپنے وزن کے اعتبارسے فی کلوگرام ایک گرام پروٹین لینی چاہئے۔یعنی اگر وہ ساٹھ کلو گرام کاہے تو اسے ساٹھ گرام پروٹین لیناہوگا۔اسی طرح سے انہوںنے دوران محاضرہ آٹھ گھنٹہ سے زیادہ ڈیوٹی کرنے کو مضر صحت بتایا اورایک نوجوان آدمی کے لئے سات گھنٹے کی نیند لینا ضروری قراردیا۔اسی طرح انہوںنے ذہنی تناؤ اورروحانی پریشانیوں سے نجات پانے کیلئے غم وغصہ ،بغض وحسد جیسی اخلاقی برائیوں سے دور رہنے کی بھی نصیحت کی اوربتایا کہ طب کے باب میں ’’اسباب ستہ ضروریہ ‘‘کے اندر اعتدال کو ملحوظ خاطر رکھنا بہتر صحت کے لئے ضروری ہے۔

مسلسل 30منٹ کی ورزش بہتر صحت کی ضامن ، جامعہ اسلامیہ سنابل میں حکیم عبدالحنان سلفی کا خطاب

محاضر ہ کے فورا بعد نادی الطلبہ جامعہ اسلامیہ سنابل کے مساعد مشرف مولانا عبدالبر مدنی نے سوال وجواب کا سلسلہ شروع کیا اورموضوع سے متعلق سامعین کے اہم سوالا ت کو محاضر محترم کے سامنے پیش کیا اورمحاضر محترم نے سوالا ت کے تسلی بخش جوابات دیئے۔نیز پروگرام کی صدارت فرمارہے ڈاکٹر محمد مفضل مدنی نے اپنے صدارتی کلمات میں بتایا کہ بہت سی بیماریاں محض بے احتیاطی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔لہذا صحت کے لئے اسباب امراض سے بچنا سب سے زیادہ ضروری ہے ۔نیز آپ نے صحتیابی کے اصولوں کو اسلامی نقطۂ نظر سے دیکھتے ہوئے کھانے پینے ،سونے جاگنے ،پہننے ،اوڑھنے اوررہنے سہنے کے آداب وتعلیمات کو مدلل انداز میں پیش کیا اورصحت کے پہلو سے اسلامی فلسفہ کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ صلوات خمسہ میں جسم ،لباس اورجگہ وغیرہ کے پاک وصاف ہونے میں حقیقی صحت کا راز مضمر ہے۔انہوںنے کہا کہ حقیقی صحت مندی کیلئے جسمانی اورروحانی دونوں غذاؤں کا لینا بے حد ضروری ہے ،آپ نے کھلی ہوا میں سیر وتفریح کی طرف بھی سامعین کی توجہ مبذول کرائی ۔

اخیر میں انہوںنے کہا کہ انسان صرف جسم کا نام نہیں ہے بلکہ وہ بیک وقت روح اورجسم دونوںکانام ہے لہذا روح اورجسم دونوں کو مناسب غذا فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے ،اس سلسلہ میں انہوںنے اپنے والد محترم کے علم طب کے استاد ڈاکٹر سنہا صاحب کا بھی قول پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ’’انسانوں کو مختلف بیماریاں عام طور پر روحانی کمزوری کی وجہ سے لاحق ہوتی ہیں اوریہ ایشور سے دوری اوراس کی نافرمانی کی وجہ سے ہوتی ہیں،انبیاء وصلحاء کو عام طور پر بیماریاںلاحق نہیں ہوتی تھیں۔‘‘لہذا یہ تسلیم کرناہی پڑے گا کہ ایک صحت مند انسان کے لئے جسمانی غذاکے ساتھ ساتھ روحانی غذا بھی لازم ہے نیز صدر محترم نے فرمایا کہ روحانی غذاکے لئے اپنے خالق ومالک کی معرفت ،اس سے توبہ واستغفار کرنا ،اس سے مدد مانگنا اورجملہ اوامر کی بجاآوری اورمنہیات سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔پروگرام کی نظامت محمد عمر محمد خالد امین لجنۃ الثقافہ نے کی۔نیز پروگرام کے اختتام سے قبل محمد سہیل فضل الرحمن امین لجنۃ الخطابہ نے سامعین کے حضور کلمۂ تشکرکا گلدستہ پیش کیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز