ڈی ایس پی محمد ایوب پنڈت کا قتل انتہائی شرمناک ، پولیس کے صبر کا امتحان نہ لیں : وزیر اعلی محبوبہ مفتی

Jun 23, 2017 03:29 PM IST | Updated on: Jun 23, 2017 03:29 PM IST

سری نگر: جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد ایوب پنڈت کی ہلاکت کے واقعہ کو انتہائی شرمناک قتل اور بھروسے کا خون قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس کے اہلکار اپنے لوگوں سے نمٹنے کے دوران صبر سے کام لیتے ہیں اور جس دن ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگا تو بہت مشکل ہوگی۔

پولیس افسر محمد ایوب پنڈت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں یہاں منعقدہ تقریب کے حاشئے پر محبوبہ مفتی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑا کوئی شرمناک واقعہ ہو ہی نہیں سکتا ۔ جو ڈپٹی ایس پی صاحب تھے انہوں نے یہ سوچا کہ کہ یہ ان کا اپنا علاقہ ہے ، اس لئے انہوں نے شب قدر کے پیش نظر اپنے ماتحت لوگوں سے کہا کہ وہ شب خوانی کے لئے اپنے گھروں کو چلے جائیں ۔ تو اس سے زیادہ بھروسے کا خون کیا ہوسکتا ہے ۔

ڈی ایس پی محمد ایوب پنڈت کا قتل انتہائی شرمناک ، پولیس کے صبر کا امتحان نہ لیں : وزیر اعلی محبوبہ مفتی

File Photo

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس ملک کی سب سے بہترین پولیس فورس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ جموں وکشمیر کی جو پولیس ہے یہ پولیس ملک میں سب سے بہترین پولیس فورس ہے۔ یہ بہت زیادہ بہادر ہیں، بہت زیادہ ہمت والے ہیں، یہ جموں وکشمیر میں اپنے لوگوں کے ساتھ ڈیل کرتے وقت صبر کررہے ہیں،جس دن اور جس وقت ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگا تو میں سمجھتی ہوں کہ بہت مشکل ہوگی ۔ محترمہ مفتی نے مزید کہا ’میری لوگوں سے گذارش ہے کہ ابھی بھی وقت ہے اور ہمیں سنبھلنا چاہیے۔ یہ پولیس فورس ہماری اپنی فورس ہے۔ یہ ہمارے اپنے بچے ہیں۔ ان کے ساتھ اس طرح کا سلوک انتہائی شرمناک ہے‘۔

دریں اثنا مہلوک پولیس افسر کی نعش پر پھول مالائیں چرھانے کی تقریب میں ریاستی وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی، متعدد کابینی وزراء، اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے سینئر سیکورٹی عہدیداروں بشمول ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے حصہ لیا۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز