جموں و کشمیر : محبوبہ مفتی کو جھٹکا ، مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے وکرم ادتیہ نے پی ڈی پی سے دیا استعفیٰ

Oct 22, 2017 06:39 PM IST | Updated on: Oct 22, 2017 06:40 PM IST

جموں: جموں وکشمیر میں قانون ساز کونسل کے رکن اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر وکرم ادتیہ سنگھ نے پارٹی اور قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جموں وکشمیر کے آخری مہاراجہ ، مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے اور سابق صدر ریاست و سینئر کانگریسی لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ کے بیٹے وکرم ادتیہ نے اپنے استعفے کا مکتوب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹویٹر اور فیس بک پر پوسٹ کردیا ہے۔ وکرم ادتیہ نے ریاستی وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے نام لکھے گئے مکتوب میں کہا ہے کہ وہ جموں میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو شہر بدر نہ کئے جانے ، ڈوگرہ حکمرانوں کے کارناموں کو اسکولی کتابوں میں شامل نہ کئے جانے اور مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن پر تعطیل کا اعلان نہ کئے جانے کے خلاف مستعفی ہورہے ہیں۔

مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے وکرم ادتیہ نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا ’میں نے آج پی ڈی پی اور قانون ساز کونسل سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ آنریبل وزیر اعلیٰ (محبوبہ مفتی) کے نام تحریر کردہ اپنا مکتوب یہاں شیئر کررہا ہوں‘۔ انہوں نے اپنا مکتوب میں لکھا ہے ’آپ کو یاد ہوگا کہ میں نے تین سال قبل مرحوم مفتی صاحب کی دعوت پر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی‘۔ وکرم ادتیہ نے لکھا ہے کہ وہ گذشتہ تین برسوں کے دوران جموں میں اپنے آپ کو تمام طبقوں کے لئے پی ڈی پی کے چہرے کے طور پردیکھتے رہے اور پارٹی کی مضبوطی کے لئے کام کرتے رہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ پی ڈی پی نے ایسے معاملات کو نظرانداز کردیا ہے جن کے ساتھ جموں واسیوں کے جذبات جڑے ہوئے ہیں۔

جموں و کشمیر : محبوبہ مفتی کو جھٹکا ، مہاراجہ ہری سنگھ کے پوتے وکرم ادتیہ نے پی ڈی پی سے دیا استعفیٰ

وکرم ادتیہ نے لکھا ہے ’میرے لئے اس جماعت سے جڑے رہنا ممکن نہیں ہے جو لگاتار جموں خطہ کے مطالبات اور خواہشات کو نظرانداز کرتی رہے‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے تینوں خطوں کے درمیان خلیج بڑھتی جارہی ہے۔ اس دوران نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے وکرم ادتیہ کے استعفے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’اگر یہ سچ ہے تو میں وکرم ادتیہ کے بہتر مستقبل کے لئے نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز