محبوبہ مفتی کی کشمیری نوجوانوں کو ’امن‘ کے بدلے نوکریوں کی پیشکش

Mar 07, 2017 08:02 PM IST | Updated on: Mar 07, 2017 08:02 PM IST

سری نگر۔ جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وادئ کشمیر میں تشدد کا راستہ ترک کرنے اور امن وامان کے قیام میں تعاون فراہم کرنے والے نوجوانوں کو نوکریوں کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ دو تین ماہ کے دوران ایک درجن مقامی جنگجوؤں نے بندوقیں چھوڑ کر اپنے گھروں کی راہ پکڑ لی۔ محترمہ مفتی جو کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر بھی ہیں، نے منگل کو یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پارٹی کی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’میری تمہارے ساتھ جان پہچان نئی نہیں ہے۔ آج میرے پیچھے محافظوں کی ایک بڑی تعداد کھڑی ہے، لیکن جب میں تمہارے دیہات کا دورہ کرتی تھیں تو میری پولیس اور سیکورٹی فورسز آپ جوان ہی ہوتے تھے۔ جو ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر میرے لئے ڈھال کا کردار ادا کرتے تھے، مجھے تکلیف ہے کہ جو نوجوان میرے دائیں اور بائیں ہوتے تھے، آج اُن کے ہاتھوں میں پتھر کیوں ہیں؟ اُن کے ہاتھوں میں پتھر نہیں ہونے چاہیے‘۔ انہوں نے تشدد کا راستہ ترک کرنے اور امن وامان کے قیام میں تعاون فراہم کرنے والے نوجوانوں کو نوکریوں کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ’میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ آپ امن کے قیام میں میرا تعاون کیجئے۔ میں وزیر اعظم کو یہاں آنے کی دعوت دوں گی اور اُن سے کہوں گی کہ وہ میرے نوجوانوں کے لئے روزگار کا اعلان کریں۔

مجھے امن دیجئے میں آپ کو پی ایچ ای اور اری گیشن میں نوکری دوں گی‘۔ محبوبہ مفتی نے نوجوانوں کی بحیثیت اسپیشل پولیس آفیسرس (ایس پی اووز) بھرتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ’ہم نے حال ہی میں ایس پی اووز کی تقرری عمل میں لائی۔ ہم اُن کا استعمال محکمہ سیاحت اور ٹریفک میں  کریں گے۔ انہیں بندوقیں نہیں دی جائیں گی‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ دو تین ماہ کے دوران ایک درجن مقامی جنگجوؤں نے بندوقیں چھوڑ کر اپنے گھروں کی راہ پکڑ لی۔

محبوبہ مفتی کی کشمیری نوجوانوں کو ’امن‘ کے بدلے نوکریوں کی پیشکش

فائل فوٹو

انہوں نے کہا ’میں نے دو ماہ قبل یونیفائڈ ہیڈکوارٹرس کی میٹنگ کی۔ میں نے انہیں (سیکورٹی عہدیداروں کو) بتادیا کہ مقامی جنگجو جن کے خلاف کوئی چارج نہیں ہے، کو واپس لانے کی کوششیں کی جائیں۔ مجھے خوشی ہے کہ گذشتہ دو تین مہینوں کے دوران ایک درجن جنگجو واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئے۔ میں نہیں کہوں گی کہ اُن نوجوانوں نے سرینڈر کیا بلکہ یہ کہوں گی کہ وہ اپنے گھروں کو واپس آ گئے ہیں۔ کیونکہ میرے لئے وہ میرے کنبے کے اراکین ہیں۔ اگر انہوں نے بندوقیں چھوڑی ہیں تو یہ ہمارے لئے خوش آئند  بات ہے‘۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز