مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم مالیات کو صدمہ ، بھتیجے طفیل اشعر کا طویل علالت کے بعد انتقال

Oct 02, 2017 07:58 PM IST | Updated on: Oct 02, 2017 07:58 PM IST

دہلی: مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند سے جاری ایک اخباری بیان کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز کے بھتیجے طفیل اشعر کا آج صبح طویل علالت کے بعد ناگپور میں انتقال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔طفیل اشعر الحاج وکیل پرویز صاحب کے بھائی جناب جلیل شاز کے صاحبزادے تھے۔ ان کی عمر ۵۲؍سال کی تھی۔ وہ شہر ناگپور کے کئی تعلیمی اداروں سے وابستہ تھے اور علمی و سماجی و سیاسی حلقوں میں کافی معروف و محبوب تھے۔ اسلامیہ جونیئر کالج برائے سائنس آرٹس ناگپور ان کی نگرانی میں چل رہا تھا۔ اسی طرح وہ ڈاکٹر ذاکر حسین بی ایڈ کالج ناگپور کے سکریٹری اور سیاسی طور پر مہاراشٹر اسٹیٹ کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری تھے۔

جمعیت کے ذمہ داروں خصوصا امیر جمعیت مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی سے گہری عقیدت رکھتے تھے۔ ناگپور کے تمام اسفار میں اپنے دولت کدہ پر مولانا محترم کے اعزاز میں خصوصی نشست رکھتے تھے اور تکریم کرتے تھے جو کہ اہل علم و دین سے ان کی گہری محبت کی دلیل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو بڑی خوبیوں سے نوازا تھا۔ پسماندگان میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور بیوہ ہیں۔ ان کی رحلت پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر جناب مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی اور ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی و دیگر ذمہ داران و کارکنان نے غم و افسوس کا اظہار کیا ہے اور پسماندگان خصوصا الحاج پرویز صاحب کو دلی تعزیت پیش کی ہے اور دعا گو ہیں کہ بار الہ ان کی مغفرت فرما۔ ان کی خدمات کو شرف قبول بخش۔ ان کو جنۃ الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرما اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق ارزانی کر۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم مالیات کو صدمہ ، بھتیجے طفیل اشعر کا طویل علالت کے بعد انتقال

پریس ریلیز کے مطابق الحاج وکیل پرویز صاحب کو بھتیجے کی موت سے کافی صدمہ پہنچا ہے۔ کیونکہ الحاج وکیل پرویز صاحب کے تمام سماجی و رفاہی، دینی و جماعتی اور تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں معاون و ہمنوا رہتے تھے۔ ایک سال قبل جوان سال بیٹے اور بیٹی کی موت کا ناقابل برداشت صدمہ سہہ چکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ مصیبت کی گھڑی میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران و کارکنان ان کے اور اہل خانہ و خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز