سابق مرکزی وزیرای احمد کی رحلت عظیم قومی وملی خسارہ : مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اخبار کے نام جاری ایک بیان میں صدر انڈین یونین مسلم لیگ اورسابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ ای احمد کے سانحۂ ارتحال پر اپنے شدیدرنج وغم کا اظہار کیا ہے

Feb 01, 2017 07:49 PM IST | Updated on: Feb 01, 2017 07:49 PM IST

دہلی : مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اخبار کے نام جاری ایک بیان میں صدر انڈین یونین مسلم لیگ اورسابق مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ ای احمد کے سانحۂ ارتحال پر اپنے شدیدرنج وغم کا اظہار کیا ہے اور ان کی وفات کوملک وملت کے لیے عظیم خسارہ قرار دیا ہے ۔ انہیں گذشتہ کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدرجمہوریہ کے خطبہ کے دوران دل کا دورہ پڑا اوررام منوہر لوہیاہسپتال میں داخل کیاگیاجہاں دیررات سوادوبجے ان کا 78 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔

انہوں نے بھرپور زندگی گذاری اور پوری زندگی قوم وملت اور وطن عزیز کی خدمت میں لگادی۔ گورنمنٹ لاء کالج سے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد وکالت کے پیشے سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔پھر سیاست میں داخلہ ہوااور عوام کے محبوب رہنما بن گئے۔ وہ ایک خلیق و متواضع انسان تھے اور ملک کے سیکولر اقدار و روایات میں یقین رکھتے تھے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذمہ داران سے ان کے اچھے مراسم تھے۔ جمعیت کی دعوت پر اس کے اہم پروگراموں میں شرکت کرتے تھے۔ اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ذریعہ ملک و ملت اورانسانیت کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے بھی تھے۔

سابق مرکزی وزیرای احمد کی رحلت عظیم قومی وملی خسارہ : مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی

فائل فوٹو

سن2006میں مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام ہندوستان کے سب سے پہلے دہشت گرد مخالف سمپوزیم اور تعلیم و مدارس کنونشن میں انہوں نے صرف یہی نہیں کہ شرکت کی بلکہ مرکزی جمعیت کے موقف اور دہشت گردی مخالف اجتماعی فتوے کی زبردست تائید بھی کی۔ ان کی وفات کی شکل میں قوم وملت نیز وطن عزیز نے ایک عظیم دوراندیش قائد اورایماندار اور قوم کا ہمدرد انسان کھودیاہے اورملک وملت ایسے عظیم خسارے دوچارہوئے ہیں جس کی تلافی بظاہر مشکل نظر آرہی ہے۔

ناظم عمومی نے مزید کہاکہ انہیں ان کی ملکی، ملی اور سماجی خدمات کے لئے ہمیشہ یاد کیاجاتارہے گا۔انہوں نے اپنے اخباری بیان میں سبھی پسماندگان ومتعلقین سے اظہار تعزیت کیاہے ۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز