قرآن انسان کو اللہ کی بندگی اختیار کرنے کی دعوت دیتا ہے : مولانا جلال الدین عمری

قرآن انسان کو اللہ کا بندہ بننےاور اس کے احکامات کا پابند ہونے کاپیغام دیتا ہے۔

Nov 20, 2017 07:53 PM IST | Updated on: Nov 20, 2017 07:53 PM IST

نئی دہلی: امیرجماعت اسلامی ہند مولانا سید جلال الدین عمری نے مرکزی جمعیۃ اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام منعقدہ ائمہ، دعاۃ و معلمین کے ایک ہفتہ کے ریفریشر کورس کے اختتامی پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن انسان کو اللہ کا بندہ بننےاور اس کے احکامات کا پابند ہونے کاپیغام دیتا ہے۔ اللہ کی بندگی کرنے اوراس کا تقویٰ اختیار کرنے کی یہی پُر عزم دعوت تمام پیغمبروں نے دی۔مولانا نے کہا کہ اللہ کی کتاب قرآن کریم کو انسان مضبوطی سے پکڑلے تو اس کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ آپ نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ سے صراط مستقیم کی دعا کرتے ہیں اور قرآن توحیدکا،شرک سے برأت کا،وحی اور رسالت کا اور آخرت کا تصور پیش کرتا ہے۔ یہی نجات و فلاح کا حقیقی راستہ ہے۔

امیرمرکزی جمعیت مولانا اصغر علی امام مہدی کی صدارت میں اہل حدیث کمپلیکس مسجد میں منعقدہ اس جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی ہند نے ریفریشر کورس کو مفید اور اہم بتایا اور اس کے انعقاد پر جمعیۃ اور مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ایک ہفتہ جو لیکچر اور مقالے شرکائے کورس کے سامنے پیش کیے گئے ہوں گے اس سے ان کی دینی و علمی تربیت ہوئی ہوگی۔اس تربیت کے ساتھ جب دعوت پیش کی جائے گی تو اسلام کے سلسلے میں غلط فہمیاں دور ہوں گی اور اس کا صحیح تصور واضح ہوگا اور یہی وقت کا تقاضا ہے۔

قرآن انسان کو اللہ کی بندگی اختیار کرنے کی دعوت دیتا ہے : مولانا جلال الدین عمری

امیرجمعیت مولانا اصغر امام مہدی نے اپنے پُرسوز صدارتی خطاب میں ایک ہفتہ تک چلے ریفریشر کورس کی تفصیلات پیش کیں اور کہا کہ اس وقت اسلامی تنظیموں کو رجال کار کی ضرورت ہے۔ریفریشر کورس کے شرکاء کو متوجہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس جذبے سے جدوجہد کی ضرورت ہے کہ سارے کاموں کا اجر اللہ ہی کے پاس ہے۔

اجلاس کو ڈاکٹر منظور عالم، مفتی عطاء الرحمن قاسمی، مولانا ابو المکارم ازہری، مولانا زاہد رضا رضوی، سید اطہر حسین اور جمعیت کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔جمعیت کی تمام ریاستی شاخوں کے امراء و نظما نے تأثرات پیش کیے اور تنظیم کی اس اہم اور مفید پروگرام کے انعقاد پر تحسین کی۔ تقریباً پورے ملک سے آئے ہوئے ریفریشر کورس کے شرکاء کو اسناد اور تحائف پیش کیے گئے۔

Loading...

Loading...

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز