صحابیات کی توہین کرنے والوں کو اسلامی شخصیات کے مقام کا کچھ بھی اندازہ نہیں : مولانا محمد رحمانی مدنی

رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سارے جہانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے تھے، آپ نے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کے حقوق کا بھی لحاظ رکھا، سب کی تکریم کی، جانوروں اور پرندوں تک کے حقوق واضح فرمائے،

Nov 24, 2017 05:28 PM IST | Updated on: Nov 24, 2017 05:28 PM IST

نئی دہلی : رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سارے جہانوں کے لئے رحمت بناکر بھیجے گئے تھے، آپ نے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کے حقوق کا بھی لحاظ رکھا، سب کی تکریم کی، جانوروں اور پرندوں تک کے حقوق واضح فرمائے، نباتات وجمادات سے فائدہ اٹھانے کے آداب واحکام ذکر کئے، جناتوں اور انسانوں کے لئے مستقل لائحہ عمل بیان فرمایا یہاں تک کہ پانی پینے، کھانا کھانے، سونے جاگنے،اٹھنے بیٹھنے اور استنجاء اور قضائے حاجات تک کے آداب سے واقف کرایا۔الغرض زندگی کے تمام گوشوں میں آپ نے انسانیت کی مکمل رہنمائی کی اور مسلمانوں کو ان تمام تعلیمات کو اپنا کر انسانیت کے تقاضوں کی تکمیل کا حکم دیا۔ان خیالات کا اظہار ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے صدر جناب مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے سنٹر کی جامع مسجد ابوبکر صدیق، جوگابائی میں خطبۂ جمعہ کے دوران کیا۔مولانا رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت اور آپ کی سیرت اور طرز زندگی پر گفتگو فرمارہے تھے، نیز آپ نے حال ہی میں ایک اینکر کی جانب سے بعض صحابیات کی توہین پر مبنی بیان پربھی سخت تنقید کی۔

مولانا نے مزید کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت انسانیت پر اللہ تعالی کا بہت بڑا احسان ہے، آپ جب نبی بنائے گئے تو سب سے پہلے انسانیت کو شرک وخرافات کے دلدل سے نکال کر پاکیزہ کیا اور بتایا کہ انسان اپنے جیسے انسان کو یا جمادات ونباتات اور اپنے سے کمتر جانوروں کو یا اپنے سے زیادہ طاقت رکھنے والوں کو سجدہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی ان کے آگے جھک سکتا ہے کیونکہ یہ سب فنا ہونے والی چیزیں ہیں، اسی لئے مسلمان نہ سورج کی پرستش کرتا ہے اور نہ چاند کی بلکہ ان سب چیزوں کے خالق رب کائنات کی پرستش کرتا ہے کیونکہ صرف وہی ہمیشہ باقی رہنے والا ہے۔اسی طرح رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے جہاں بعثت کے بعد سب سے پہلے توحید کی تعلیم دی اور شرک سے روکا وہیں آپ نے دنیا سے رنگ ونسل اور برادری اور علاقائیت کے فتنوں کو ختم کردیا، عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر کوئی فوقیت حاصل نہیں ہے اور نہ کالے کو گورے پر اور نہ گورے کو کالے پر، یہ فرما کرآپ نے ساری دنیا کو ایک نقطہ پر لاکرکھڑا کیا، پھر امتیاز حاصل کرنے کا ایک پیمانہ متعین کیا اور اس پیمانہ کی بنیاد پر ہر انسان کو امتیاز حاصل کرنے پر ابھارا ، یہ پیمانہ تقوی اور خشیت الہی کا پیمانہ ہے۔

صحابیات کی توہین کرنے والوں کو اسلامی شخصیات کے مقام کا کچھ بھی اندازہ نہیں : مولانا محمد رحمانی مدنی

مولانا موصوف نے مسیحیت اور مہدیت کا دعوی کرنے والے شکیل بن حنیف کے فتنہ کا تذکرہ بھی کیا اور اس فتنہ کو عظمت رسول کی توہین نیز اسلامی عقائد کے خلاف قرار دے کر اس سے متاثر ہونے والے افراد کو دعوت دی کہ وہ سامنے آکربات کریں۔مولانا نے فرمایا کہ اس انداز کے عقائد کو اختیار کرنے والے دائرہ ٔاسلام سے خارج ہیں ۔اسی طرح ایک نیوز چینل کی جانب سے عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ، فاطمہ رضی اللہ عنہا اور مریم علیہا السلام کی توہین پر بھی مولانا نے سخت تردیدی بیان دیتے ہوئے فرمایا کہ اس انداز کی حرکتیں کرنے والے خود اپنے خاندان اور اپنے وجودکی پاکیزگی بھی ثابت نہیں کرسکتے،مولانا نے نت نئے فتنوں سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے ان سے بچنے اور کتاب وسنت کی جانب رجوع کرنے کی اپیل کی ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز