موجودہ دور میں توکل علی اللہ اور اعتماد کو مضبوط کرنے اور حقیقی مسلمان بننے کی ضرورت : مولانا محمد رحمانی مدنی

Mar 31, 2017 09:22 PM IST | Updated on: Mar 31, 2017 09:23 PM IST

نئی دہلی : مسلمانوں کو اللہ رب العالمین پراعتماد وتوکل کرنا چاہئے اور اپنے آپ کو سچا مسلمان بنانا چاہئے۔آج مسلمان صر ف اسلام کی دعوے داری کرتا ہے لیکن وہ اندر سے مسلمان نہیں رہا۔اس کے معاملات، اس کا لین دین،اس کا کھانا پینا، اور اس کا رہن سہن سب کچھ غیر اسلامی ہے جبکہ ہمارے اسلاف اور صحابۂ کرام اور خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں ساری اسلامی چیزیں اختیار کرتے تھے، ان میں سے بہتوں کو جنت کی بشارت بھی دی گئی تھی، وہ لوگ اسلام کے سچے شیدائی تھے اور ہر وقت ان کی آنکھوں سے اللہ کی رضا مندی کے لئے آنسو بہا کرتا تھے لیکن اس کے باوجود وہ لوگ نہ عبادات میں کمی کرتے تھے اور نہ تہجد کے قیام اور صدقات وخیرات میں، ان لوگوں کی زندگی میں ہمیشہ اللہ کا خوف اور اللہ پر اعتماد اور توکل بدرجۂ اتم پایا جاتا تھا۔

ان خیالات کا اظہار ابوالکلام آزاد اسلامک اویکننگ سنٹر، نئی دہلی کے صدر جناب مولانا محمد رحمانی سنابلی مدنی نے سنٹر کی جامع مسجد ابوبکر صدیق ، جوگابائی میں خطبۂ جمعہ کے دوران کیا۔مولانا نے مزید کہا کہ آج مسلمانوں کو غیراللہ پر سے اعتماد ختم کرکے اللہ پر بھروسہ اور اور توکل کرنا چاہئے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مسلمانوں نے توحید باری تعالی کو ضائع کردیا اور غیر اللہ کی عبادت اور قبر پرستی میں مبتلا ہوگئے جبکہ اسلام نے قبرپرستی اور شرکیات سے سختی کے ساتھ روکا ہے، اسلام میں قبروں کو پکا بنانا، اس پر تعمیر کرنا،اس پر چونا گچ کرنا، اس پر کچھ لکھنا یا بیٹھنا، قبروں کو ایک بالشت سے زیادہ اونچا کرنا اور اس پر تلاوت کرنا وغیرہ سب حرام ہے اور مختلف دلائل اس پر دلالت کرتے ہیں لیکن مسلمانوں نے ان تمام اعمال کو اختیار کرلیا اور نتیجہ میں اللہ کی رحمت ان سے دور ہوگئی۔

موجودہ دور میں توکل علی اللہ اور اعتماد کو مضبوط کرنے اور حقیقی مسلمان بننے کی ضرورت : مولانا محمد رحمانی مدنی

مولانا نے یہ بھی کہا کہ آج سنت رسول کو چھوڑ کر ہم نے بدعات کو اختیار کرلیا اور اس وجہ سے بھی ہم اللہ سے دور ہوگئے ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اللہ پر اپنے اعتماد کو بحال کریں اور اس کے حقوق کو ادا کریں۔مولانا نے صحیح مسلم کی ایک حدیث مبارکہ کا ذکر بھی کیا کہ بندوں پر اللہ کے حقوق یہ ہیں کہ بندے اللہ کے ساتھ اس کی ربوبیت،الوہیت اور اسماء وصفات میں کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں اور اگر بندے اس حق کو ادا کردیتے ہیں تو اللہ تعالی نے اپنے لئے واجب کرلیا ہے کہ وہ بندوں کو عذاب نہیں دے گا۔اس وجہ سے ہمیں اللہ کے حقوق کا بھرپور خیال کرنا چاہئے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز