مولانا شفیق قاسمی کا سانحہ ارتحال عروس البلاد ممبئی کے لئے بڑا علمی خسارہ: خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا

Jul 20, 2017 08:24 PM IST | Updated on: Jul 20, 2017 08:25 PM IST

نئی دہلی۔ عروس البلاد ممبئی کی عظیم علمی شخصیت اور ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم امدادیہ چونا بھٹی کے صدرالمدرسین مولانا شفیق قاسمی بستوی کے سانحہ ارتحال کو مہاراشٹر بالخصوص ممبئی کے لئے بڑا علمی خسارہ قرار دیتے ہوئے خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ایس ثاقب قاسمی اور دیگر ارکین ٹرسٹ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کی جانب سے جاری پریس بیان میں کہا گیا ہےکہ مولانا شفیق قاسمی کی علمی و تدریسی خدمات کا دائرہ کافی طویل ہے۔ دارالعلوم امدادیہ میں ہی انہوں نے کم و بیش چالیس پینتالیس سالوں تک درس دیا۔اس دوران انہوں نے ہزاروں ایسے شاگرد تیار کیے جو ممبئی ہی نہیں ملک اور بیرون ملک کے مدارس و مکاتب اور مساجد و دیگرعلمی و دعوتی اداروں میں اپنی ملی و دینی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔

ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری نے کہاکہ مولانا مرحوم ایک کہنہ مشق مدرس اور بہترین منتظم تھے۔شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلویؒ سے علمی و روحانی فیض حاصل ہو نے کے سبب سادگی اور انکساری سےلبریز تھی مولانا کی زندگی۔بلا شبہ دارلعلوم امدادیہ میں مولانا شفیق قاسمی کے انتظامی عہد کو عہد زریں کہا جا سکتاہے۔دریس و تدریس میں مولانا کو مہارت تامہ حاصل تھی، آپ کامطالعہ وسیع تھا ۔قرآن و حدیث اور فقہہ کے ساتھ عربی ادب کی کتابیں بھی آپ کے درس سے منسلک تھی جنہیں بڑی دلچپی سے پڑھاتے تھے۔ علما ءو اساتذہ کے روایتی طریقے سے ہٹ کر طلبہ سے دوستانہ سلوک فرماتے تھے۔اسم بامسمیٰ طلبہ کے ساتھ شفقت و محبت فرماتے تھے۔ ڈاکٹر ثاقب نے کہاکہ کئی معاملات میں سخت ہونے کے باوجود انہوں نے مدرسے کی تعمیرو ترقی کے معاملے میں کبھی کسی سے سمجھوتہ نہیں کیا۔اللہ پاک حضرت والا کے درجات کو بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے اور مادر علمی کو آپ کا نعم البدل نصیب فرمائے۔آمین ۔ مولانا شفیق قاسمی بستوی کے سانحہ ارتحال پر اظہار تعزیت کرنے والوں میں ڈاکٹر ذوالفقار مدنی،ڈاکٹر منور عالم مظفر قاسمی،مولانا حسان جامی،حافظ اقبال چونا والا،ماسٹر نقی الرحمن،مولانا قاضی زکریا قمر،حافظ نظام الدین اورخوشتر نعمانی کے اسماء گرامی قابل ذکر ہیں۔

مولانا شفیق قاسمی کا سانحہ ارتحال عروس البلاد ممبئی کے لئے بڑا علمی خسارہ: خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز