بی جے پی کے ذریعہ سرکاری مشینری کا غلط استعمال جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ: مایاوتی

Jul 29, 2017 06:37 PM IST | Updated on: Jul 29, 2017 06:37 PM IST

لکھنؤ۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی مایاوتی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر اقتدار کے لئے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جمہوریت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ محترمہ مایاوتی نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ منی پور، گوا، بہار اور گجرات کے بعد اب اتر پردیش کے تازہ سیاسی واقعات سے واضح ہے کہ مودی حکومت نے جمہوریت کا مستقبل خطرے میں ڈال دیا ہے۔ اقتدار کے لئے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی گجرات میں اقتدار کا انتہائی غلط استعمال کر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے ممبران اسمبلی کو اپنا وطن چھوڑ کر محفوظ جگہ جانے کو مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ کوئی بھی آئینی ادارہ اپنے کردار کو نبھانے کے قابل ہی نہیں نظر آ رہا ہے۔

اتر پردیش کی سابق وزیر اعلی نے کہا کہ منی پور اور گوا میں جمہوریت کا قتل کرکے بی جے پی نے وہاں حکومت بنا لی ۔ یہی کام بہار اور گجرات میں کرنے کے بعد اتر پردیش میں نیا کھیل شروع کررہی ہے۔ اپوزیشن کے خلاف مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، انکم ٹیکس اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسی سرکاری مشینریوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ محترمہ مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی غلط پالیسیوں، برے کرتوتوں اور بدعنوانی وغیرہ سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے مخالف لیڈروں کو بدعنوان ثابت کرنے کی مہم چلا رکھی ہے۔ یہ جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔

بی جے پی کے ذریعہ سرکاری مشینری کا غلط استعمال جمہوریت کیلئے سب سے بڑا خطرہ: مایاوتی

بی ایس پی سربراہ مایاوتی: فائل فوٹو

انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال اور اڈیشہ کی حکومتیں بھی بی جے پی کی سرکاری دہشت گردی کا شکار ہیں۔ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے دو اور بی ایس پی کے ایک ایم ایل سی کو بی جے پی حکومت کے آگے گھٹنے ٹیکنے کے بجائے ان کے استحصال اور دہشت گردی سے مقابلہ کرنا چاہئے تھا۔ ایسا کرکے ہی پھر بی جے پی حکومت کی جابرانہ ، آمرانہ اور غرور کی کارروائیوں کو روکا جا سکتا ہے۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز