جنوبی کشمیر میں جنگجوؤں کا فوجی قافلہ پر حملہ، 2 فوجی اہلکار ہلاک، 4 دیگر زخمی

Jun 03, 2017 03:21 PM IST | Updated on: Jun 03, 2017 04:21 PM IST

سری نگر۔ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ہفتہ کے روز سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جنگجوؤں کی جانب سے فوج کے ایک قافلے پر گھات لگاکر کئے گئے حملے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے۔ حملے کے بعد قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت قریب دو گھنٹوں تک معطل رکھی گئی۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ جنگجوؤں نے جموں سے کشمیر کی طرف آرہے فوجی قافلے پر قاضی گنڈ میں ہلر کے مقام پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تعینات سیکورٹی فورسز اور روڑ آوپننگ پارٹی نے جنگجوؤں پر جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی جانب سے فوج قافلے میں شامل جس گاڑی پر فائرنگ کی گئی، میں سوار 6 اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نزدیک میں واقع فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے مرتکب جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے فوراً بعد نزدیک میں واقع فوجی کیمپوں سے فورسز کی مزید کمک وہاں بھیجی گئی اور حملے کے مرتکب جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔

جنوبی کشمیر میں جنگجوؤں کا فوجی قافلہ پر حملہ، 2 فوجی اہلکار ہلاک، 4 دیگر زخمی

پی ٹی آئی

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز