جنگلات وماحولیات کے مرکزی وزیرمملکت انل مادھو دوے کا انتقال، سرکردہ لیڈران نے کیا اظہار رنج وغم

May 18, 2017 11:57 AM IST | Updated on: May 18, 2017 11:58 AM IST

نئی دہلی۔  جنگلات و ماحولیات کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) انل مادھو دوے کا آج صبح یہاں انتقال ہو گیا۔ وہ 60 سال کے تھے۔ صبح اچانک طبیعت بگڑ جانے کی وجہ سے انہیں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس(ایمس) لے جایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔ جنگلات اور ماحولیات کی وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ مسٹر دوے کا صبح کوئمبٹور جانے کا پروگرام تھا لیکن اسی درمیان ان کی طبیعت بگڑ گئی اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جانا پڑا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مسٹر دوے کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنا ذاتی نقصان بتایا ہے۔

مسٹر مودی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’میں کل شام کو انل دوے کے ساتھ تھا۔ ان کے ساتھ پالیسی معاملات پر بات چیت کر رہا تھا۔ ان کا انتقال میرا ذاتی نقصان ہے۔ انہیں لوگ فعال عوامی خادم کے طور پر یاد رکھیں گے۔ ماحولیاتی تحفظ کی سمت میں وہ کافی محنتی تھے‘‘۔

جنگلات وماحولیات کے مرکزی وزیرمملکت انل مادھو دوے کا انتقال، سرکردہ لیڈران نے کیا اظہار رنج وغم

انل مادھو دوے، فائل فوٹو: پی ٹی آئی

مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو، سریش پربھو، اسمرتی ایرانی، وغیرہ نے بھی مسٹر دوے کی موت پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے ایم پی مسٹر دوے وزیر ماحولیات بننے سے پہلے ہی ماحولیاتی تحفظ کی مہم میں کافی سرگرم رہے تھے۔ نرمدا دریا کے تحفظ کے لئے انہوں نے اپنی ایک تنظیم بنا رکھی تھی۔ وہ ماحولیات کے میدان میں کافی مطالعہ کرتے تھے اور موسمیاتی تبدیلی پر پیرس معاہدے کی ہندوستان کی جانب سے منظوری کئے جانے میں مسٹر دوے نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ وزیر اعظم کے ماحولیات سے منسلک منصوبوں میں وہ ایک اہم پالیسی ساز اور مشیر تھے۔

مسٹر دوے کی پیدائش چھ جولائی 1956 کو مدھیہ پردیش کے اجین میں ہوئی تھی۔ وہ شروع سے ہی آر ایس ایس کے فعال کارکن رہے تھے۔ مدھیہ پردیش سے راجیہ سبھا کے رکن مسٹر دوے کو پانچ جولائی 2016 کو جنگلات و ماحولیات کے وزیر کا عہدہ سونپا گیا تھا۔ ان کی وزارت میں حال ہی میں سرسوں کی جی ایم فصل کو ماحولیات کی وزارت کی ماہر کمیٹی نے پیشہ ورانہ کاشت کے لئے منظوری دی تھی جس کے بعد کئی کسان تنظیموں نے زبردست احتجاج کیا تھا۔

مودی کا اظہار رنج وغم

وزیر اعظم نریندر مودی نے جنگلات و ماحولیات کے وزیر انل مادھو دوےکے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ وہ ان کے دوست اور بہت ہی شائستہ مزاج دوست مسٹردوے کے اچانک انتقال سے مکمل طور پر صدمے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انل مادھو دوے جی کو عوامی خدمت کے لئے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کی سمت میں قابل ذکر کام کیا۔

سونیا کا اظہار تعزیت

کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے جنگلات و ماحولیات کے وزیر انل مادھو دوے کے اچانک انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ محترمہ گاندھی نے آج اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مسٹر دوے کے انتقال سے وہ صدمےمیں ہیں۔ وہ انتہائی ملنسار اور مہذب شخص تھے۔ ان کو ان کی منکسر المزاجی کے لئے ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ کانگریسی صدر نے اپنا تعزیتی پیغام مسٹر ڈیو کے خاندان کو بھی ارسال کیا ہے۔

راجناتھ کا اظہار تعزیت

 وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جنگلات و ماحولیات کے وزیر انل مادھودوے کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر سنگھ نے آج اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ جنگلات و ماحولیات کے وزیر اور ان کے ساتھی انیل مادھو دوے کے اچانک انتقال سے صدمے میں ہیں۔ مسٹردوے ماحول کے بارے میں انتہائی حساس اور فعال تھے۔ ان کا کام بہت ہی قابل ستائش رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے مسٹر دوے کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ خدا انہیں اس عظیم نقصان کو برداشت کرنے کی طاقت دے ۔

متعلقہ اسٹوریز

ری کمنڈیڈ اسٹوریز